وزیراعظم عمران خان کے استعفے سے متعلق جاوید ہاشمی نے بڑا دعویٰ کر دیا، وہ دن بہت قریب ہیں جب عمران خان استعفیٰ دے گا۔ سینئیر سیاستدان جاوید ہاشمی

 
0
2796

اسلام آباد ملتان 20 (ٹی این ایس): سینئیر سیاستدان جاوید ہاشمی نے وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئیر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کی جرأت نہیں تھی مجھے نکالتے میں نے تو خود ہی پارٹی چھوڑی۔ جن کو خود عمران خان پسند نہیں کرتا ان کو بھی اہم وزارتیں دینا پڑی ہیں۔ اعظم سواتی کو سپریم کورٹ نے رد کیا تھا وہ بھی آج کابینہ کا حصہ بن گئے ہیں۔
جو نام پیپلزپارٹی، ق لیگ اور مشرف نے مسترد کیا وہ آج کابینہ کا نیا چہرہ ہیں۔ وفاقی کابینہ میں آدھے نان الیکٹڈ ٹیکنو کریٹس آ چکے ہیں۔ عامر کیانی پر اگر کرپشن کا الزام ہے تو اس سے عمران خان الگ نہیں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ پارٹی کی چیف آرگنائزر علیمہ خان تھیں ،علیمہ خان پر الزام عمران خان پر الزام ہے۔ موجودہ کابینہ کے بعد عمران خان کی وقعت شوکت عزیز جیسی ہی رہ گئی ہے۔
عمران خان کی 90 فیصد کابینہ اس سے نفرت کرتی ہے، وہ پاکستان کو کیا دے گا۔ جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ 4 ماہ بعد عمران خان کے پاس استعفے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا، عمران خان پہلے بھی 3 دفعہ استعفیٰ دے چکا ہے، عمران خان کے پاس پارلیمنٹ میں اکثریت بھی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی کابینہ میں حالیہ رد و بدل کے بعد وزیراعظم عمران خان کے مستعفی ہونے سے متعلق بھی کئی دعوے سامنے آئے ہیں۔
اس حوالے سے معروف صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہئیے کہ وہ اپنی فکر کریں کیونکہ جس طریقے سے عمران خان بات کر رہے ہیں کہ میں اس وزیر کو بھی بدل دوں گا اُس کو بھی بدل دوں گا میرے خیال سے وزیراعظم کو اپنی فکر کرنی چاہئیے کہ کہیں وہ خود تبدیل نہ ہو جائیں۔ حامد میر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جس راستے پر چل رہے ہیں جیسا کہ اعظم سواتی کو وزیر بنا کر وہ جلسے میں جاکر کرپشن پر تقریر کر رہے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ میں کیا کر رہا ہوں۔ اگر وزیراعظم عمران خان اعظم سواتی جیسے بندے کو وزیر بنا کر دوسروں کو کرپشن پر درس دیں گے تو اس سے ان کی اپنی قابلیت پر سوالات اُٹھنے لگ جائیں گے۔