پاکستان تحریک انصاف ملک کی امیر ترین سیاسی جماعت قرار، شیخ رشیدکی عوامی مسلم لیگ غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شامل

 
0
353

اسلام آباد مئی 07 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کو ملک کی امیر ترین سیاسی جماعت قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ شیخ رشید کی سیاسی جماعت عوامی مسلم لیگ کا شمار ملک کی غریب ترین سیاسی جماعتوں میں ہوتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 81 سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں جس میں بتایا گیا حکمران جماعت امیر ترین سیاسی جماعت ہے۔ پاکستان تحریک انصاف31 کروڑ 66 لاکھ مالیت کے اثاثوں کی مالک ہے۔
دستاویز میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کےاثاثوں میں ایک سال کےاندر 22 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ وصول نہیں کی، سمندرپارپاکستانیوں سے 6 کروڑ 58 لاکھ سے زائد فنڈز لیے۔ دستاویزات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے 1 کروڑ 26 لاکھ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں اور 4 کروڑ 92 لاکھ کا فنڈ برطانیہ میں پاکستانیوں سے وصول کیا، پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے 6 اکاؤنٹس الیکشن کمیشن میں ظاہر کیے۔
مسلم لیگ ن امیر ترین جماعتوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دستاویزات کے مطابق مسلم لیگ ن کےاثاثوں کی مالیت 25 کروڑ 33 لاکھ 77ہزار 955 روپے ہے، مسلم لیگ ن نے پارٹی ٹکٹس 11 کروڑ 97 لاکھ میں دیے اور ایک سال میں اس جماعت اثاثوں میں 2 کروڑ سے زائد کا اضافہ ہوا۔ دستاویزات کے مطابق پیپلزپارٹی کے پاس 16 کروڑ 70 لاکھ سے زائد کا بینک بیلنس ہے، پیپلزپارٹی نے 9 کروڑ 37 لاکھ سے زائد ٹکٹوں کی مد میں وصول کیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کو چندے کی مد میں 50 لاکھ روپے ملے جبکہ ق لیگ 4 کروڑ 99 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کی مالک ہے۔ جبکہ شیخ رشید کی جماعت عوامی مسلم لیگ غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شمار ہوتی ہے۔ عوامی مسلم لیگ صرف 1 لاکھ 38 ہزار روپے اثاثوں کی مالک ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کو 1 کروڑ 75 لاکھ روپے کا فنڈ ملا جبکہ جماعت اسلامی 10 کروڑ 63 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہے۔