غازی بروتھا سے اسلام آباد تک پانی کی سپلائی کے منصوبے سے متعلق سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا

 
0
354

اسلام آباد اپریل 26 (ٹی این ایس): اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان، چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے، سی ڈی اے بورڈ کے ممبران اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ جائزہ اجلاس میں میسرز موڈ میکڈونلڈ نے غازی بروتھا سے اسلام آباد اور راولپنڈی کو پانی کی سپلائی کے منصوبے پر مختلف تجاویز دیں جن پر اجلاس میں تفصیلی غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ اسلا م آباد کو پانی کی سپلائی کے اس منصوبے کو حکومت نے اپنی ترجیحات میں رکھا ہے تاکہ اسلام آباد میں پانی کی کمی کو دور کیا جا سکے۔ چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی آبادی 20لاکھ سے بڑھ چکی ہے اور مستقبل میں اسلام آباد کے شہریوں کے لیے پانی کی تسلی بخش فراہمی کے پیش نظر یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غازی بروتھا سے اسلام آباد تک 45 کلو میٹر طویل فاصلے سے پانی لا کر اسلام آباد اور راولپنڈی کو فراہم کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد میں سملی ڈیم اور ٹیوب ویلز سے اسلام آباد کے شہریوں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ خانپور ڈیم سے اسلام آباد کو پانی کی جزوی سپلائی ہوتی ہے۔ اس لیے مستقبل کی ضروریات کے پیشِ نظر غازی بروتھا ڈیم سے پانی لانے کا منصوبہ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غازی بروتھا سے یومیہ دو سوملین گیلین پانی حاصل ہونے کا منصوبہ ہے جس میں سے 100 ملین گیلن یومیہ پانی راولپنڈی کو دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو حکومتِ پنجاب اور وفاقی حکومت باہم مل کر مکمل کریں گے۔ اجلاس میں غازی بروتھا سے پانی لانے کے اس منصوبے کے لیے میسرز موڈ میکڈونلڈ کی طرف سے دی جانے والی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔