سی ڈی اے – ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDA-DWP) نے عوام الناس کی ویلفیئر کے مختلف منصوبوں کی منظوری دے دی

 
0
434

اسلام آباد مئی 07 (ٹی این ایس): سی ڈی اے – ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDA-DWP) نے عوام الناس کی ویلفیئر کے مختلف منصوبوں کی منظوری دے دی۔ ان منصوبوں کی منظوری سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی کے 43 ویں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے کی جبکہ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبران، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن کے سینئر افسران، وزارتِ داخلہ اور سی ڈی اے کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

مختلف اہم منصوبے جن پر توجہ کی ضرورت تھی تاہم ماضی میں انہیں نظر انداز کیا گیا تاہم سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے ان اہم منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی کے 43 ویں اجلاس میں ان کی باقاعدہ منظوری حاصل کی ہے۔

سی ڈی اے ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDA-DWP) کے 43 ویں اجلاس میں آرچرڈ سکیم مری روڈ کی تعمیر کے لیے 81.159ملین روپے کا PC-Iمنظور کر لیا گیا۔ اجلاس نے آئی جے پرنسپل روڈ کی کشادگی اور ری ہیبلیٹیشن (Rehabilitation)کی کنسلٹینسی سروسز برائے تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن کے 27.653 ملین روپے کے PC-IIکی بھی منظوری دے دی۔ اس PC-IIکی لاگت سی ڈی اے سیلف فنانسنگ سے پوری کرے گا تاہم سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی نے اس منصوبے کو PSDP کے تحت مکمل کرنے کی سفارشات کی ہیں۔

اجلاس نے پارک روڈ اور راول ڈیم چوک پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کے لیے پیش کئے گئے منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور منصوبے پر ہونے والے کام کا نام تبدیل کرتے ہوئے اس منصوبے کو ٹریفک مینجمنٹ سسٹم برائے روال ڈیم اور پارک روڈ کا نام دیتے ہوئے اس کے 13.827 ملین روپے کے PC-IIکی منظوری دے دی۔

سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی نے 7th ایونیو کی گریڈ سپیریشن کی سہولت (خیابانِ سہروردی اور کشمیر ہائی وے) کے منصوبے پر غور کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ پہلے مرحلے میں اس منصوبے کی کنسٹلنٹ ایکسٹینشن کی جائے جس کے باعث اس منصوبے کی منظوری موخر کر دی گئی۔

سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی نے فیصل ایونیو پر G7/G8 اورF-7/F-8 پر تعمیر کئے جانے والے دو انڈر پاسسز کے منصوبوں کی تعمیر کی مدت میں توسیع اور عملدرآمد پر اصولی اتفاق کیا ہے تاہم منصوبے کے محلِ وقوع اور لاگت کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی نے پیدل والوں کے لیے پانچ پُلوں کی تعمیر پر بھی اتفاق کیا یہ منصوبہ ایکس ایجنڈہ کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ اس کے نظر ثانی شدہ پی سی ون پیش کرنے کی تجویز دی گئی۔ اجلاس میں پارک انکلیو کے باقی ماندہ کام اور سیکٹر E-12 کے منصوبے کو بھی پیش کیا گیا تاہم سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی نے فیصلہ کیا کہ پارک انکلیو I- اور سیکٹر E-12سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کر کے نیا PC-I تیار کیا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ان دونوں منصوبوں کی اہمیت سے متعلق اجلاس کو بتاتے ہوئے کہا کہ نظر ثانی شدہ PC-Iدو ہفتوں کے دوران تیار کر کے دوبارہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں رہ جانے والے تین منصوبوں بشمول پارک انکلیوI- اور سیکٹر E-12 کی ڈویلپمنٹ کی منظوری حاصل کی جائے گی۔