سی ڈی اے کا اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پورے زور و شور کے ساتھ جاری، متعدد تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا

 
0
652

اسلام آباد مئی 15 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کا اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پورے زور و شور کے ساتھ جاری ہے اور شہر کے مختلف علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کے روز اسلام آباد کے سیکٹر D-12، سرائے مادھو اور سیکٹر G-6/2 کی کچی آبادی میں بھر پور آپریشن کر کے متعدد تجاوزات کو مسمار کر دیا۔
سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سرائے مادھو نزد سنگ جانی ٹول پلازہ میں وسیع پیمانے پر آپریشن کر کے سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کو گرا دیا۔ اس آپریشن کے دوران چار کمروں، ایک کچن اور ایک واش روم پر مشتمل رہائشی یونٹ بشمول باہر کی چار دیواری کو مکمل طور پر گرا دیا گیا۔ یہ رہائشی یونٹ سرکاری اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا جبکہ اس کی تصدیق ریونیو سٹاف نے بھی کی۔ اسی طرح پانچ کمرشل دکانیں اور ایک شو روم جو کہ غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے کو مسمار کر دیا گیا۔
بدھ کے روز کئے جانے والے اس آپریشن میں اسلام آباد کے سیکٹر D-12 کی گلی نمبر40 میں غیر قانونی طور پر تعمیر کیاجانے والا کمرہ گرا دیا گیا۔ یہ کمرہ ساتھ والے گھر کے الاٹی نے ملحقہ پلاٹ پر پالتو کتے کے لیے تعمیر کر رکھا تھا۔ واضح رہے کہ منگل کے روز سی ڈی اے کے عملے نے جب یہ کمرہ گرانا چاہا تو نہ صرف عملے سے بدتمیزی کی گئی بلکہ عملے کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس کی ایف آئی آر کے اندراج کے لیے پولیس سٹیشن گولڑہ کو قانونی کاروائی کے لیے باقاعدہ درخواست بھی دی جا چکی ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر G-6/2 کی کچی آبادی میں نئی تعمیر شدہ دیوار جو کہ رہائشی گھر کے اوپر بنائی گئی تھی کو آپریشن کر کے گرا دیا گیا۔