نیب کی کارروائی ریلوے سگنل کرپشن کیس میں ملوث4ریلوے افسران اور پرائیویٹ کنٹریکٹر گرفتار

 
0
291

لاہور مئی 15 (ٹی این ایس): قومی احتساب بیور و ( نیب ) لاہور نے ریلوے کی55 کروڑ مالیت کے سگنل سسٹم کے منصوبہ میں مالی بدعنوانی کے الزام میں 4 ریلوے افسران اور پرائیویٹ کنٹریکٹر کو گرفتارکرلیا ۔گرفتار ملزمان میں پراجیکٹ ڈائریکٹر فہیم انور شاہ، سابق چیف سگنل انجینئر ملزم عطااللہ، سابق چیف فائنینشل آفیسر ڈاکٹر محمد سعید ،ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد احمداور پرائیویٹ فرم کے مالک (کنٹریکٹر)ڈاکٹر معاز محی الدین بھی شامل ہیں ۔
نیب ترجمان کے مطابق دوران تحقیقات ملزمان کی الیکٹرک سگنل پراجیکٹ میں آپس کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے کی کرپشن منظر عام پر آنے کی صورت میں گرفتاریاں ہوئیں ۔ پاک ریلوے کی جانب سے 2016 میں بن قاسم یارڈ پر سگنل سسٹم کی تعیناتی کیلئے میسرز اکیوی ناکس نامی کمپنی کو ٹھیکہ جاری کیا گیا۔ 550 ملین مالیت کاٹھیکہ مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کیخلاف میسرز اکیوی ناکس کو فراہم کیا گیا۔
میسرز اکیوی ناکس کیٹگری-5 کی ایک کمپنی تھی جبکہ کیٹگری-3 کی کوء بھی فرم یہ ٹھیکہ حاصل کرنے کی اہل تھی۔ ریلوے افسران کیجانب سے میسرز اکیوی ناکس کو ٹھیکہ فراہمی کیلئے بوگس دستاویزات تیار کی گئیں۔ تحقیقات کیمطابق ملزمان نے آپس کی ملی بھگت سے کمپنی کو مطلوبہ تجربہ میں بھی رعائیت فراہم کی۔ میسرز ایکوی ناکس کی جانب سے فراہم کئے گئے آلات کی مالیت 38 کروڑ روپے ظاہر کی گئی جبکہ ان آلات کی اصل قیمت 9 کروڑ 70 لاکھ تھی۔ ملزمان کا یہ اقدام حکومتی خزانے کو مبینہ طور 28 کروڑ روپے کے نقصان کا موجب بنا۔ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے آج بروز ( جمعرات ) کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔