سی پیک پر میرے انٹرویو کے کچھ حصے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کئے گئے: عبدالرزاق داؤد

 
0
485

اسلام آباد، ستمبر11(ٹی این ایس):وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک پر میرے انٹرویو کے کچھ حصے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کئے گئے۔اپنے وضاحتی بیان میں عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ کے دور ے میں سٹریٹیجک تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا، سی پیک منصوبوں کو پورا کرنے کے عزم کو دہرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اخبار نے میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا ،چینی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران سی پیک منصوبوں کو پورا کرنے کے عزم کو دہرایا گیا۔ان کاکہنا تھا کہ چین کو آگاہ کیاگیاکہ سی پیک ہماری قومی ترجیح ہے، چینی وزیرخارجہ نے دونوں ممالک کے مفادمیں سی پیک کی اہمیت پرزوردیا،دونوں ممالک میں منصوبے کے مستقبل سے متعلق مکمل یکسوئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا تھا کہ چین کے وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان میں سی پیک معاہدے پر دوبارہ مذاکرات پر آمادگی کا اشارہ دیا ہے، منصوبوں اور قرض ادائیگی کی مدت بڑھانے کے آپشن زیر غور ہیں،برطانوی اخبار نے عبدالرزاق داؤد کے انٹرویو کے حوالے سے کہا تھا کہ سی پیک منصوبوں پر عمل ایک سال کے لیے روک دینا چاہیے، منصوبے سے چینی کمپنیوں کوناجائزفائدہ پہنچ رہا ہے۔