چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد نے شہر میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم میں حصہ لینے والے شعبوں کے ایک اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔، جاری آپریشن کی کارکردگی کا معائنہ کرنے کے لیے ناظم الدین روڈ، مارگلہ روڈ اور جناح ایونیو کا دورہ کیا

 
0
349

اسلام آباد مئی 17 (ٹی این ایس): اجلاس میں دونوں اداروں کے سربراہان نے اپنی ٹیموں کو ہدایت کی کہ ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تعاون اور رابطے کو یقینی بناتے ہوئے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے شہر میں انسدادِ تجاوزات آپریشن کو بلا خوف خطر جاری رکھیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کی تمام شاہراؤں، سڑکوں، فٹ پاتھوں، گرین بیلٹ اور دیگر خلاف ورزیوں کو اس بھر پور مہم کے دوران ختم کیا جائے گا تاہم اس مہم میں باہمی رابطے اور تعاون کو کلیدی حیثیت حاصل ہو گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوام الناس کو بذریعہ میڈیا تجاوزات سے متعلقہ قوانین کے بارے آگاہی اور ترغیب دی جائے گی۔ سی ڈی اے کی ٹیموں کے ہمراہ مختلف شاہراؤں کے اطراف قائم کی گئیں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن کی کارکردگی کا معائنہ کرنے کے لیے ناظم الدین روڈ، مارگلہ روڈ اور جناح ایونیو کا دورہ کیا۔، دورے کے موقع پر سینٹورس مال کی انتظامیہ کی طرف سے قائم کی گئی تجاوزات کے خاتمے کے بعد چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ جگہ پر روڈ سائنج کی تنصیب کے ساتھ ساتھ لین مارکنگ بھی کی جائے تاکہ لوگوں کو معلوم ہو سکے کہ یہ شاہراہِ عام ہے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ باقیماندہ تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ انفورسمنٹ کی مختلف ٹیمیں جناح ایونیو، بلیو ایریاء اور مارگلہ روڈ پر تجاوزات کا خاتمہ کرنے میں مصروف ہیں جبکہ ایف سکس اور شاہراہِ دستور پر مختلف عمارات کی طرف سے سرکاری اراضی پر قائم کیے گئے ریمپس،جنریٹرز، باڑیں اور دیگر تجاوزات کو جمعہ کی شام تک ختم کر دیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران مختلف شاہراؤں کے اطراف سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جا چکا ہے تاہم باقیماندہ تجاوزات پاکستان میں سفارتی میشنز سے متعلقہ ہے جن کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے ختم کر دیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ وہ فارن مشننز کو شائستگی کے ساتھ از خود تجاوز ات کے خاتمے کی ہدایت کریں۔