کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز پر حملہ، بم دھماکہ، شدید فائرنگ کا تبادلہ، جانی نقصان کی اطلاعات

 
0
675

کوئٹہ مئی 30 (ٹی این ایس): کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز پر حملہ، بم دھماکہ، شدید فائرنگ کا تبادلہ، جانی نقصان کی اطلاعات، حملہ میگانگی روڈ پر تعینات پولیس اہلکاروں پر دستی بم کے ذریعے کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور کے ہلاک ہونے کی اطلاعات، سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بم دھماکہ ہوا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز پر حملہ کیا گیا۔ میگانگی روڈ پر تعینات پولیس اہلکاروں پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔ حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ جوابی فائرنگ میں حملہ آور مارا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملہ آور کے جسم پر کوئی چیز بندھی ہوئی ہے۔ ممکنہ طور پر یہ خود کش جیکٹ ہو سکتی ہے، اس لیے بم ڈسپوزل ٹیم طلب کر لی گئی ہے۔
جبکہ پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے پولیس اہلکاروں نے حملہ آور کو ان کی جانب بڑھتے دیکھ کر روکنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر حملہ آور نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی اور دستی بم سے حملہ بھی کیا۔ تاہم جوابی فائرنگ میں حملہ آور مارا گیا۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوا ہے جسے فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔