اسلام آباد جون 12 (ٹی این ایس): سی ڈ ی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کا ملپور،مری روڈ پر انسداد تجاوزات آپریشن بدھ کے روز بھی جاری رہا۔آپریشن کی نگرانی سی ڈی اے کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے اسسٹنٹ کمشنر نے کی۔ اسلام آباد پولیس کی معاونت سے کئے جانے والے اس آپریشن میں ملپور گاؤں میں غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر کے 80 کنال سرکاری اراضی واگذار کرا لی گئی۔ مسمار کئے جانے والے 12 گھروں سمیت 35 کمرے،12 کچن اور12 باتھ روم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے آپریشن کے دوران ملپور کے علاقے میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی13 بڑی چار دیواریاں (باؤنڈری والز) کو بھی گرادیا۔آپریشن میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو گرانے کے لیے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی ھیوی مشینری استعمال کی گئی۔ مزید برآں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ملپور ہی میں 15 کنال زرعی زمین جو کہ سرکاری اراضی تھی جس پر غیر قانونی طور پر فصلیں کاشت کی ہوئی تھیں کو بھی ٹریکٹر کی مدد سے ضائع کر کے سرکاری سرکاری اراضی کا قبضہ حاصل کر لیا۔ گذشتہ تین دنوں کے بھر پور آپریشن سے سی ڈی اے 205 کنال سرکاری اراضی خالی کرا چکا ہے۔
سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے بھی بدھ کے روز اسلام آباد کے سیکٹر E-11 میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر26 نو تعمیر شدہ دکانوں کو گرا دیا۔یہ26دکانیں مونال مارکی کے عقب میں واقع معین مارکیٹ میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی گئی تھیں۔