وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار ملتان میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ میں ایمبولینس کی آمد میں تاخیر پر برہم، ڈی جی ریسکیو1122 کو فوری ملتان پہنچنے کی ہدایت، انکوائری رپورٹ 24 گھنٹے میں پیش کی جائے

 
0
340

لاہور جولائی 01 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان کے علاقے حسن آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ میں غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے ایمبولینس کے جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچنے اور زخمیوں کو بروقت ہسپتال نہ پہنچانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ریسکیو 1122 سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ریسکیو میں تاخیر کے حوالے سے ذمہ داروں کا تعین کرکے تادیبی کارروائی کا حکم دیا ہے اور ڈی جی ریسکیو 1122 کو فوری طور پر ملتان پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈی جی ریسکیو 1122 معاملے کی خود انکوائری کرکے 24گھنٹے میں رپورٹ پیش کریں۔ افسوسناک واقعہ کے حوالے سے ریسکیو میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ ایمبولینس کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنا چاہیئے تھا۔ انہو ں نے کہا کہ ریسکیو میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی ہوگی۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان کے علاقے شادن لنڈ تونسہ روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے اور حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔