آئی جی پنجاب کا سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سی ٹی ڈی پنجاب پولیس کا ہراول دستہ ہے‘ کیپٹن (ر) عارف نواز خان

 
0
4940

لاہور جولائی 09 (ٹی این ایس): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ کائونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کے ہراول دستہ کے طور پر کام کر رہا ہے اورسماج دشمن و شدت پسند عناصر کے عزائم خاک میں ملانے میں سی ٹی ڈی افسران و اہلکاروں کی کارکردگی قابل ستائش ہے جنہوںنے بروقت کاروائیاں کرتے ہوئے نہ صرف دہشت گردی کے خطرناک منصوبوں کو ناکام بنایابلکہ انتہائی خطرناک حالات میں کام کرتے ہوئے کئی ہائی پروفائل دہشت گردوں کوقانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی افسران و اہلکار دوران آپریشنز اپنے تحفظ کیلئے طے شدہ ایس او پیز کی مکمل طور پرپابندی کریں اور تمام تر حفاظتی اقدامات کو اپناتے ہوئے سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائیں تاکہ معاشرتی ناسوروں کے قلع قمع میں کوئی کسر باقی نہ رہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر پنجاب کے دورے کے موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے نے آئی جی پنجاب کو سی ٹی ڈی کی پرفارمنس اور جاری آپریشنز کے بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی صوبے کے تمام اضلاع میں دہشت گرد ، سماج دشمن عناصراور انکے سہولت کاروں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مصروف ہے ۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو ہدایت کی کہ سی ٹی ڈی کا ہر سپاہی دہشت گرد عناصرکے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹا رہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے مقدس مشن کو ہرصورت جاری رکھے ۔
اس موقع پر- ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہرنے آئی جی پنجاب کو سی ٹی ڈی کی کارکردگی اور اہم منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ بھی دی ۔ آئی جی پنجاب نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر ز کے مختلف شعبوں کے دورے کے دوران افسران سے ان کی ورکنگ کے بارے میں دریافت کیا اور ورکنگ کو مزید موئژ بنانے کے حوالے سے موقع پر اہم ہدایات جاری کیں ۔