وفاقی وزیر محمد حماد اظہر کو اقتصادی امور ڈویژن کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں

 
0
1247

اسلام آباد جولائی 10 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر محمد حماد اظہر کو اقتصادی امور ڈویژن کے وفاقی وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ اس سلسلہ میں کابینہ ڈویژن نے نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی طرف سے بدھ کو جاری کردہ نوٹیفیکشن میں بتایا گیا ہے کہ 8 جولائی کو اس ضمن میں کابینہ ڈویژن کی طرف سے جاری نوٹیفیکشن میں جزوی تبدیلی کی گئی ہے اور نئے نوٹیفیکشن کے مطابق محمد حماد اظہر کو رولز آف بزنس مجریہ 1973ء کے رول (4) 3 کے تحت فوری طور پر اقتصادی امور ڈویژن کے وزیر کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
نوٹیفیکشن کے مطابق وزیراعظم نے مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کو فوری طور پر اقتصادی امور ڈویژن کی ذمہ داری سے سبکدوش ہونے کی بھی منظوری دیدی ہے۔ واضح رہے کہ عبدالحفیظ شیخ اب وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ قبل ازیں ان کے پاس خزانہ اور محصولات کے علاوہ اقتصادی امور ڈویژن کی ذمہ داریاں بھی تھیں۔