مشیرخزانہ مفتاح اسماعیل سے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

 
0
343

اسلام آباد ،جنوری 23 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ٹی ای ای) کے وفد نے چیئرمین شائق جاوید کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد نے ٹیکسٹائل کے شعبہ کی ترقی سے متعلقہ امور پر مشیر خزانہ سے تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے مشیر خزانہ سے کہا کہ ٹیکسٹائل شعبہ کی ترقی اور بہتری، برآمدات میں اضافہ، برآمد کنندگان اور مینوفیکچررز کی سہولت کیلئے ٹیکس ریفنڈ اور ڈرا بیکس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے صنعتی شعبہ کو بلاتعطل بجلی اور گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور بڑے زرمبادلہ کے حصول کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ، ٹیکسٹائل کے شعبہ کو سازگار ماحول کی فراہمی، برآمدات میں اضافہ کیلئے حکومت نے مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ معیشت کے تمام شعبوں کو ترقی کے راستے پر گامزن کرکے شرح نمو میں اضافہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ وفد کی طرف سے نشاندہی کردہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔