سی ڈی اے نے اسلام آباد کے زون IV- کے موضع تمیر میں کمانڈر سیف ہاؤسنگ سکیم اور موضع موہڑہ نور بنی گالہ میں بابر انکلیو ہاؤسنگ سکیم کو غیر قانونی قرار دے دیا

 
0
641

اسلام آباد جولائی 11 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے اسلام آباد کے زون IV- کے موضع تمیر میں کمانڈر سیف ہاؤسنگ سکیم اور موضع موہڑہ نور بنی گالہ میں بابر انکلیو ہاؤسنگ سکیم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے عوام الناس کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ان غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں پلاٹس کی بکنگ اور خریداری سے باز رہیں۔ سی ڈی اے کے مطابق آئی سی ٹی (زوننگ) ریگولیشن1992 ؁ء ترمیم کردہ 2010 ؁ء کی شقوں اور آئی سی ٹی اسلام آباد میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کی پلاننگ اور ڈیویلپمنٹ کے لیے بنائی گئی شرائط اور طریقہ کار کے مطابق اتھارٹی(سی ڈی اے) کی منظوری کے بغیر زون4- میں پرائیویٹ سپانسرز کسی ہاؤسنگ سکیم کا آغاز نہیں کر سکتے۔
سی ڈی اے نے مزید کہا ہے کہ کمانڈر ہاؤسنگ سکیم موضع تمیر، زون 4-اور بابر انکلیو ہاؤسنگ سکیم، موضع موہڑہ نور، بنی گالہ اسلام آباد کے سپانسرز نے سی ڈی اے سے کوئی منظوری حاصل نہیں کی۔ لہذا یہ ہاؤسنگ سکیمیں غیر قانونی / غیر مجازی ہیں۔
سی ڈی اے نے بذریعہ اخبارات بھی عوام الناس کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ اپنے مفاد میں ان ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں۔علاوہ ازیں سی ڈی اے پیمرا اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور ایڈورٹائزنگ ایجنسیز سے بھی درخواست کر رہا ہے کہ وہ سی ڈی اے کی طرف سے منظوری لیے بغیر ایسی ہاؤسنگ سوسائیٹیز کی تشہیری مہم نہ کریں تاکہ عوام الناس ایسی غیر قانونی سکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں۔
سی ڈی اے نے ان دونوں ہاؤسنگ سکیموں کے اسپانسرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ان غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی ڈیویلپمنٹ کے لیے پلاٹس کی بکنگ، ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ سے باز رہیں۔ مزید برآں سی ڈی اے نے ان سپانسرز کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اخبارات میں دیئے جانے والے پبلک نوٹس کی اشاعت کے 15 دنوں کے اندر اندر اپنی پوزیشن تحریری اور ذاتی طور پر پیش ہو کر واضح کریں کہ کیوں نہ اتھارٹی کے ریگولیشنز کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف سی ڈی اے آرڈیننس کی دفعہ 46 کے بموجب کاروائی کی جائے۔