بھارتی کامیڈین اسٹیج پرلائیو پرفارمنس کے دوران ہلاک کامیڈین کے اسٹیج پر گرنے اور اکھڑتی سانسوں کو شائقین اداکاری سمجھتے رہے

 
0
10189

دبئی جولائی 22 (ٹی این ایس): بھارتی مزاحیہ اداکار 36 سالہ منجو ناتھ نائیڈو اسٹیج پر براہ راست پرفارمنس کے دوران حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث جہان فانی سے کوچ کرگئے جب کہ شائقین اداکار کے دم نکلنے کو اسکرپٹ کا حصہ سمجھتے رہے۔عرب میڈیا کے مطابق بھارتی شہری منجو ناتھ نائیڈو جو کئی برس سے دبئی میں مقیم تھے اور اسٹیج پر مزاحیہ کردار نبھانے کے باعث کافی شہرت رکھتے تھے آج براہ راست پرفارمنس کے دوران حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث اسٹیج پر گر کر دم توڑ گئے۔
منجو ناتھ کو پرفارمنس سے قبل انزائٹی ہورہی تھی جسے ساتھی اداکاروں اور پروڈیوسر نے ’اسٹیج فوبیا‘ سمجھ کر نظر انداز کردیا، کھیل کے سب سے آخری حصے میں منجو ناتھ کی پرفارمنس تھی۔اپنی پرفارمنس کے دوران وہ اچانک اسٹیج پر رکھی بینچ پر بیٹھ گئے اور پھر فوراً اسٹیج پر اوندھے منہ گر گئے، سانسیں اکھڑ رہی تھیں اور پھر جسم بے حرکت ہوگیا، اس سارے عمل کو شائقین اسکرپٹ کا لکھا سمجھتے رہے اور تالیاں بجا کر اداکاری کی داد دیتے رہے۔