وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ہیڈ بلوکی کا دورہ

 
0
371

لاہور جولائی 27 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ نے ہیڈ بلوکی بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کو ہیڈ بلوکی بیراج کی بحالی و اپ گریڈیشن کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو ہیڈ بلوکی اور پنجاب کے دیگر دریاؤں میں پانی کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔ ہیڈ بلوکی سمیت دیگر دریاؤں کے بند اور پشتے وقت سے پہلے مضبوط بنائے گئے ہیں۔ دریاؤں میں پانی کی صورتحال پر 24 گھنٹے نظر رکھی جائے۔ ہیڈ بلوکی بیراج کی بحالی اور اپ گریڈیشن سے سیلاب کا پانی گزارنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ اب ہیڈ بلوکی بیراج سے 3 لاکھ 80 ہزار کیوسک پانی کے گزرنے کی گنجائش ہے۔ جہلم، چناب اور سندھ کے دریاؤں میں پانی کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ جن علاقوں میں دریاؤں کے راستے بدلنے سے زمین دریا برد ہوئی ہے، وہاں نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا۔

انھوں نے ہدایات جاری کیں کہ جھنگ، مظفرگڑھ، رحیم یار خان، لیہ اور ڈیرہ غازی خان کے دریا برد ہونے والی اراضی کو آئندہ نقصانات سے بچانے کیلئے موثر حکمت عملی او رپلاننگ کی جائے۔ ہیڈ بلوکی پر میوزیم کے قیام کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔ پبلک انفارمیشن سینٹر کے قیام سے لوگوں کو بیراج کی تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی۔ پنجاب حکومت نے واٹر ایکٹ منظور کر لیا ہے۔ واٹر ایکٹ کے نفاذ سے پانی کے ضیاع کو روکنے میں مدد ملے گی۔ میں آج ہیڈ بلوکی آیا ہوں، آئندہ پنجاب کے دیگر بیراجوں کا بھی دورہ کروں گا۔ سیکرٹری آبپاشی نے وزیراعلیٰ کو ہیڈ بلوکی بیراج اور پانی کی آمد و اخراج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر مملکت زرتاج گل، چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب کنیز فاطمہ، سیکرٹری آبپاشی، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔