نواز شریف سے اے سی اور ٹی وی واپس لینے کی افواہ ن لیگ نے پھیلائی تھی افواہ پھیلائے جانے کے بعد جیل انتظامیہ کو اس معاملے پر تردید کرنا پڑی

 
0
336

لاہور جولائی 27 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم نواز شریف سے اے سی اور ٹی وی کی سہولیت واپس لینے سے متعلق افواہ مسلم لیگ ن کی جانب سے ہی پھیلائی گئی تھی جس کے بعد جیل انتظامیہ کو بیان جاری کرنا پڑا۔ اس حوالے سے قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں کہا گیا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے جیل میں اے سی اور ٹیلی ویژن کی سہولت واپس لینے کی افواہ مسلم لیگ ن نے ہی پھیلائی تھی۔
اعلٰی سرکاری ذرائع نے اپوزیشن جماعتوں کے صوبائی دارالحکومت میں احتجاجی پروگرام کے حوالے سے خفیہ ایجنسیوں کی سروے رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے جیل میں ائیر کنڈیشنر اور ٹیلی ویژن کی سہولت واپس لینے کی افواہ پھیلانے کا مقصد مسلم لیگ ن کے کارکنان کی احتجاج میں شرکت میں اضافہ کرنے کی کوشش تھی۔ اپوزیشن کی لاہور میں احتجاجی ریلی جس کی لیڈ نواز لیگ کے پاس تھی ، متعدد احتجاجی کالز دینے کے باوجود مناسب تعداد میں ورکر اکٹھا کرنے میں ناکام رہی، نواز لیگ کے کئی رہنماؤں اور پرانے کارکنوں سے حاصل انفارمیشن کے مطابق نواز شریف سے جیل میں ائیر کنڈیشنر اور ٹیلی ویژن کی سہولت واپس لینے کی خبر انہیں اپنی جماعت کے سنیئر رہنماؤں اور ان کے سوشل میڈیا گروپس کے ذریعے ملی۔
خبر موصول ہونے کے بعد کارکنوں کے جذبات بھڑکے لیکن کچھ ہی دیر میں پنجاب حکومت کی جانب سے اس کی تردید آگئی۔ پنجاب حکومت کی تردید کے باوجود مسلم لیگ ن کے رہنما احتجاجی پروگرام میں شہباز شریف کی آمد تک اسے درست اطلاع کہتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے احتجاجی پروگرام میں دو سے ڈھائی ہزار لوگ شامل ہوئے جس میں دو ہزار سے زائد افراد کا تعلق نواز لیگ اور باقی کا پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف)سے تھا، مسلم لیگ ن کے بیشتر کارکن وسطی پنجاب کے اضلاع گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، قصور، منڈی بہاؤالدین اور فیصل آباد سے آئے جبکہ لاہورسے نواز لیگ کے صرف چند مرکزی رہنما اور چار سو کارکن ہی شریک ہوئے تھے۔