لاہور میں خواتین کو ہراساں کرنے کیلئے روزانہ سرعام شرمناک جنسی حرکتیں کرنے والا شخص گرفتار کر لیا گیا

 
0
300

لاہور اگست 02 (ٹی این ایس): لاہور میں خواتین کو ہراساں کرنے کیلئے روزانہ سرعام شرمناک جنسی حرکتیں کرنے والا شخص گرفتار کر لیا گیا، شہر کے مصروف ترین علاقے ٹھوکر نیاز بیگ پر ایک شخص روزانہ لڑکیوں کو دیکھ کر سرعام جنسی حرکتیں شروع کر دیتا تھا، پولیس نے شکایت موصول ہونے پر کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کے ترجمان شہباز گل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کچھ خواتین کے شکایت کرنے پر لاہور میں خواتین کو سرعام جنسی ہراسگی کا نشانہ بنانے والے طیب نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
شہباز گل نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام کے ذریعے تفصیلات سے آگاہ کیا۔


وزیراعلی پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے بتایا ہے کہ طیب نامی ایک شخص کئی روز سے لاہور کے مصروف ترین علاقے ٹھوکر نیاز بیگ پر روزانہ کی بنیاد پر خواتین کو دیکھ کر سرعام شرمناک جنسی حرکات شروع کر دیتا تھا۔
بعد ازاں ان خواتین نے یہ معاملہ سوشل میڈیا پر اٹھا۔ اب لاہور پولیس نے شکایت سامنے آنے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ شہباز گل نے اعلان کیا ہے کہ گرفتار کیے گئے شخص کیخلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل دیا گیا ہے۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین کا مطالبہ ہے کہ اس شخص کو میڈیا پر سامنے لا کر عبرت کا نشان بنایا جائے۔ جبکہ کچھ صارفین کی رائے ہے کہ یہ ایک نفسیاتی مسئلہ ہے، اس شخص کو سزا دینے یا اس کی تذلیل کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ جیل سے باہر نکلنے کے بعد یہ شخص دوبارہ ایسی ہی حرکات کرے گا، اس لیے اس شخص کا کسی ماہر نفسیات سے علاج کروانا ضروری ہے۔