آئی جی پنجاب سے ناروے کی نیشنل کریمنل انویسٹی گیشن سروسز کے وفد کی ملاقات

 
0
294

لاہور اگست 06 (ٹی این ایس): ناروے کی نیشنل کریمنل انویسٹی گیشن سروسز کے چار رکنی وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان سے ملاقات کی ۔ نارویجین وفد میں سابق نارڈک لائیزون آفیسرمسٹر روئے لنڈ ہولٹ اور نئے تعینات ہونے والے مسٹر فلپ فوس نیس سمیت دیگر افسران شامل تھے ۔ دوران ملاقات دونوں اداروں کے مابین پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے نارویجن وفد کو پنجاب پولیس کی ورکنگ اور نئے شروع کئے گئے پراجیکٹ کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس جرائم کے واقعات کی روک تھام اور تفتیش میں جہاں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے وہیں عوام کی سہولت کیلئے سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیس کی طرز پر پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں جس کی ایک مثال تمام اضلاع میں قائم کئے گئے پولیس خدمت مراکز ہیں جہاں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے 14سے زائد سہولیات میسر ہیں ۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے میں آنے والے غیر ملکیوں کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس نے جدید ٹریننگ اور ساز و سامان سے مزین فورس سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) تشکیل دی ہے جبکہ دہشت گردوں کے عزائم کوناکام بنانے اور انہیں کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے سی ٹی ڈی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مصروف عمل ہے ۔ آئی جی پنجاب نے مزید بتایا کہ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر کرنے کیلئے بڑے شہرو ں کے بعد صوبے کے حساس اضلاع میںپولیس سرویلنس سسٹم بھی لگایا جاریا ہے ۔
ناوریجین وفد میں شامل افسران نے قتل کی واردات کو ٹریس کرنے اور قاتل کو گرفتار کرنے میں معاونت پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے ساتھ جرائم اور دہشت گردی کنٹرول کرنے میں پنجاب پولیس کی کارکردگی قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پنجاب پولیس کے شروع کردہ پراجیکٹس بین الاقوامی سٹینڈرڈ کے حامل ہیں جبکہ مستقبل میں دونوں اداروں کے مابین پیشہ ورانہ تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے ناوریجن وفد کو پنجاب پولیس کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی بھی موجود تھے ۔