پاکستان کے قبضے میں کشمیر بھی ہماراحصہ ہے‘اگلا قدم کشمیر کے دونوں حصوں کو ملانا ہے. امیت شاہ کی بھڑک

 
0
619

نئی دہلی اگست 06 (ٹی این ایس): بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ جب ہم جموں کشمیر کی بات کرتے ہیں تو اس میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر بھی آتا ہے. انہوں نے کانگریس سے سوال کیا کہ وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیریوں کو اپنا نہیں سمجھتے؟ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر کے لیے جان دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے . ایوان میں جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے مودی سرکار کے وزیر جتندر سنگھ نے کہا کہ ہم یہاں تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں مگر چند لوگوں کو اس کا ادراک ہی نہیں.انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کو ختم کرنے میں اپنا حصہ ڈالنے والوں کو تاریخ یاد رکھے گی اور یہ تاریخی لمحہ 70 برس بعد آیا ہے‘ جتندر سنگھ نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ اب اگلا کام پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو انڈیا کا حصہ بنانا ہے.
کانگریس کے رکن منیش تواری نے کہا کہ جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی اجازت کے بغیر آرٹیکل 370 کو ختم نہیں کیا جا سکتا‘ انہوں نے کہا کہ ہر چیز سیاہ اور سفید کی طرح واضح نہیں بلکہ اس کی کئی تہیں ہیں. انڈین پارلیمان کے ایوانِ زیریں یعنی لوک سبھا میں پیر کے روز آئین کی شق 370 کے خاتمے پر بحث ہوئی تھی. پارلیمان میں بحث کے دوران کانگریس، راشٹریا جنتا دل، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور اس کے مارکسسٹ دھڑے، مسلم لیگ، کیرالہ کانگریس، اور ایم ڈی ایم کی جانب سے اس شق کے خاتمے کی مخالفت کی گئی جبکہ بیجے پی، عام آدمی پارٹی، بھوجن سماج پارٹی، شیو سینا، اکالی دل، ایل جے پی، آر پی آئی، وائی ایس آر کانگریس، بی جے ڈی اور ٹی ڈی پی نے اس تجویز کی حمایت کی اس قرارداد کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے.
انڈیا میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کو نیم خود مختار حیثیت دینے والے قانون آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا تھا. 1947 میں تقسیم بر صغیر کے بعد اس شق کو انڈیا کے آئین میں شامل کیا گیا تھا جس کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو ایک خاص مقام حاصل تھا اور انڈیا کے آئین کی جو دفعات یہاں پر لاگو نہیں ہوتی تھیں. آرٹیکل 370 کے خاتمے کے ساتھ ہی صدارتی حکم کے تحت اس میں شامل کیا جانے والا آرٹیکل 35 اے بھی ختم ہو گیا ہے جس کے تحت ریاست کے باشندوں کی بطور مستقل باشندہ پہچان ہوتی تھی.
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے اعلان پر کہا کہ یہ انڈیا کی جمہوریت کے لیے سیاہ ترین دن ہے. پاکستان کی جانب سے بھی انڈین فیصلے کی سخت مذمت کی گئی ہے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انڈیا کشمیر میں ایک خطرناک کھیل، کھیل رہا ہے.