آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس ختم

 
0
417

راولپنڈی اگست 06 (ٹی این ایس): مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور اسے دو حصوں میں تقسیم کرنے کے بھارتی اعلان پر آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈر کانفرنس طلب کر رکھی تھی جو اب اختتام پذیر ہو گئی ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں ایک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر بھارتی اقدامات مسترد کرنے کے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا شرمناک قبضہ قانونی قرار دینے کی حمایت کبھی نہیں کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 اور 35 اے کو قبول نہیں کیا۔


پاکستانی قوم کشمیریوں کی جائز جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک آرمی کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے آخری حد تک جانے کو تیار ہیں۔ ہم وطن کے دفاع کے لیے بھی ہر حد تک جائیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہم ہر طرح کے حالات کے لیے تیار ہیں اورپاک فوج کشمیریوں کا جدوجہد کےاختتام تک ساتھ دے گی۔
دوسری جانب بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی طلب کیا گیا تھا۔
مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں شروع ہوا جس میں وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی اور کلسٹر بموں کے استعمال پر بحث کے لیے تحریک پیش کی تاہم تحریک میں آرٹیکل 370 کے بنیادی معاملے کو شامل نہ کرنے پراپوزیشن نے شدید احتجاج جس کے بعد اعظم سواتی نے آرٹیکل 370 کو بحث میں شامل کرنے کی ترمیمی تحریک پیش کی۔
اپوزیشن کے مطالبے پر آرٹیکل 370 کے نفاذ سے پیدا شدہ صورتحال پر بحث کی تحریک منظور کرلی گئی اور اسپیکر اسد قیصر نے بحث کے آغاز کے لئے وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کو مائیک دیا تاہم بحث کا آغاز اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے نہ کروانے پر اپوزیشن نے ایوان میں شدید احتجاج کیا اور مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت کا بھی مطالبہ کیا۔ اپوزیشن کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی پر اسپیکر کو اجلاس بیس منٹ کے لیے ملتوی کرنا پڑا جو تاحال شروع نہیں ہو سکا۔