سی ڈی اے اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں راستوں میں نصب کیے گئے جنریٹرز اور سیکورٹی کے لیے رکھے جانے والے سامان وغیرہ کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا

 
0
560

اسلام آباد 11 ستمبر (ٹی این ایس): سی ڈی اے اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں راستوں میں نصب کیے گئے جنریٹرز اور سیکورٹی کے لیے رکھے جانے والے سامان وغیرہ کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس ضمن میں سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن اور الیکٹریکل اینڈ مکینیکل ڈویژن کے ہمراہ مل کر ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سیکٹر F-6 میں پلاٹ لائن سے تجاوز کر کے رکھے گئے جنریٹرز کی تاروں کو منقطع کرنے کے علاوہ حفاظتی انتظامات کے تحت بنائی جانے والی گارڈ پوسٹ وغیرہ کو مسمار کر کے سیکورٹی کیبن اور دیگر میٹریل بھی اس آپریشن کے دوران بحق سرکار ضبط کر لیا گیا جبکہ رہائشیوں کو بذریعہ نوٹس ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسی تنصیبات جو سرکاری اراضی پر قائم کی گئی ہیں انہیں فوری طور پر اپنے پلاٹ کی حدود میں لے جائیں بصورت دیگر نہ صرف جنریٹرز بحق سرکار ضبط کر لیے جائیں گے بلکہ جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے کیونکہ اپنے پلاٹ کی حدود سے باہر سرکاری اراضی پر تجاوزات کے باعث نہ صرف پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اس سے اسلام آباد کی خوبصورتی بھی متاثر ہوتی ہے۔پلاٹ لائن سے تجاوز کر کے رکھی گئیں ایسی تنصیبات کے خلاف کاروائی جاری رہے گی۔

علاوہ ازیں سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ضلعی انتظامیہ کی مدد سے حج کمپلیکس کے قریب سیکٹر آئی فورٹین میں بنائی گئی متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو ختم کر دیا ہے۔