ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان کی سیاست سے علیحدگی کا اعلان کر دیا

 
0
342

لاہور ستمبر 14 (ٹی این ایس): ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان کی سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ میں پاکستان کی سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔ پارلیمنٹ کا حصہ بن کر سب کچھ خود آنکھوں سے دیکھا۔ ہم نے کرپشن کے خلاف عوامی شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان عوامی تحریک کی چیئرمین شپ بھی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ مجھے تصنیف و تالیف کے بے پناہ کام اور صحت کے مسائل ہیں جس کی وجہ سے میں سیاست اور پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی سرگرمیاں چھوڑ رہا ہوں۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے عام انتخابات 2018ء سے قبل ہی عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ 23 جون 2018ء کو پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کوئی کارکن اور عہدیدار الیکشن 2018ء میں حصہ نہیں لے گا۔
الیکشن کے بعد قوم میں مایوسی پھیلنے والی ہے، لہٰذا الیکشن میں حصہ لینا ہماری جدوجہدکی موت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک اس ملک میں کرپشن کے خلاف جنگ نہیں ہوئی، ملک میں پہلے سے زیادہ مایوس کن صورت حال پیدا کی گئی۔ جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی عام انتخابات میں واضح کامیابی پر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے نہ صرف عمران خان اور ان کی پارٹی کو مبارکباد پیش کی بلکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا اور ان کے لواحقین کو انصاف دلوانے کی ذمہ داری بھی کپتان کے کندھوں پر ڈال دی تھی۔ واضح رہے کہ ڈی چوک پر دھرنے کے دنوں میں بھی ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان ساتھ ساتھ رہے تھے جس پر انہیں سیاسی کزن کہا جانے لگا تھا۔