مسافر بیگ میں سے بچہ نکالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی
دبئی ستمبر 16: دبئی ائیرپورٹ پر مسافر بیگ سے پانچ ماہ کا بچہ برآمد ہوا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پانچ ماہ کے بچے کو کراچی سے دبئی جانے والی پرواز میں سوار مسافر کے بیگ سے برآمد کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر مسافر بیگ سے بچے کی برآمدگی کی ویڈیو ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ دہلی ایچ جی ایس دھلیوال نے شئیر کی۔ اس ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پانچ ماہ کے بچے کو مبینہ طور پر اغوا کر کے مسافر بیگ میں رکھا گیا ، جس کے بعد اسے اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ دبئی ائیرپورٹ پر مسافر کی قلعی کُھل گئی۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مذکورہ مسافر بیگ میں بچے کے ساتھ دیگر کئی نرم اشیا بھی پیک کی گئی تھیں ۔ بچے کے سر کے پاس اسٹیل کے دو گلاس رکھے گئے تھے تاکہ اُس کا سر نہ ہِل سکے۔ البتہ مسافر بیگ کھولنے پر بچہ خاموش اور بالکل ٹھیک تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی ائیرپورٹ پہنچنے پر اغوا کار کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا کہ بچہ بالکل محفوظ اور اپنے والدین کے پاس ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے :
Baby Bagged!!
A 5 month old baby was kidnapped and carried to Dubai from Karachi inside a Travel Bag.
Fortunately, it was detected at Dubai Airport and the baby was found safe!! pic.twitter.com/qpBKhUu30I
— HGS Dhaliwal, IPS (@hgsdhaliwalips) September 15, 2019
اس ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین آگ بگولہ ہو گئے اور ننھے اور معصوم بچے کو اس طرح اغوا کر کے اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اس ویڈیو کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ لوگ انسانیت ہی بھول گئے ہیں۔ کوئی کیسے معصوم بچے کو ایک بند بیگ میں ڈال سکتا ہے۔ خدا کا شکر ہے کہ بچے کو کچھ نہیں ہوا۔ ایک صارف نے کہا کہ مسافر بیگ کُھلتے ہی بچے کی آنکھیں چمک رہی تھیں، اس قدر خوبصورت اور ننھے بچے پر کوئی کیسے اتنا ظلم کر سکتا ہے۔