سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے چٹھہ بختاور میں بھر پور آپریشن کر کے 350 کنال سرکاری اراضی واگذار کرالی

 
0
370

اسلام آباد ستمبر 17 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے چٹھہ بختاور میں بھر پور آپریشن کر کے 350 کنال سرکاری اراضی واگذار کرالی۔ آپریشن اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے تعاون سے کیا گیا جبکہ آپریشن میں ھیوی مشینری بھی استعمال کی گئی۔ اس سرکاری اراضی کا سی ڈی اے پہلے ہی ایوارڈ کر چکا تھا تاہم لوگوں نے سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا۔ آپریشن کے دوران 55 باؤنڈری وال، 45کمرے،سرکاری اراضی پر بنائے گئے 10 مویشی خانے کو ھیوی مشینری استعمال کرتے ہوئے مسمار کر دیا گیا۔
اسی طرح ایک اور آپریشن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد کے سیکٹرF-6/2کی سٹریٹ نمبر27 میں راستوں اور سرکاری زمین پر نصب 6 جنریٹر ہٹا دئیے ہیں جبکہ 4 سیکورٹی کیبن بھی ختم کر دیئے ہیں۔
سیکٹر G-8/4 میں پوسٹ آفس کے قریب غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی ایک باؤنڈی وال کو مسمار کر دیا۔ جھنگی سیداں جی ٹی روڈ پر زیر تعمیر غیر قانونی ہوٹل کو بھی گرا دیا گیا۔ علاوہ ازیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد کے سیکٹر I-14/3میں پلاٹ نمبر461-Cپر بنائے گئے مویشی خانے کو ختم کر دیا۔ سیکٹر آئی10/1 کی سٹریٹ نمبر 64 میں رہائشی پلاٹ پر گیٹ کے ساتھ بنائے گئے کمرے کو مسمار کیا گیا۔
اسلام آباد ایکسپریس وے، کری روڈ پر آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پھل فروخت کرنے والوں کا سامان ضبط کر لیا اور 2 ٹرکوں کا یہ سامان سی ڈی اے کے سٹور میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ سیکٹر G-10/4 کی سٹریٹ نمبر38 میں غیر قانونی طور پر بنائے گئے تین کار پورچ / گیراج بھی مسمار کر دئے گئے ہیں جبکہ سیکٹر G-11 میں ریت اور بجری کے 5 اڈے بھی ختم کر دیئے گئے ہیں۔