وزیراعظم دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے

 
0
276

اسلام آباد ستمبر 19 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے جہاں وہ سعودی قیادت کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے مختلف پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کریں گے. دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک جاری بیان میں بتایا کہ وزیراعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں شرکت سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کررہے ہیں‘انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے مسلسل رابطے میں ہیں.
دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت سے بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے مختلف پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کریں گے. سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کی وجہ سے بھی اس دورے کو اہم قرار دیا جارہا ہے‘وزیراعظم کو اس دورے کی دعوت سعودی عہد نے دی تھی . یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے قبل وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاﺅن اور کرفیو نافذ کردیا تھا جبکہ کئی لاکھ بھارتی فوجی موجود ہونے کے باجود اضافی نفری کو مقبوضہ کشمیر میں بھیجا گیا تھا.
مذکورہ اقدام کے بعد سے اب تک سابق وزرائے اعلیٰ، سیاستدانوں، سمیت 4 ہزار افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ وادی میں روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اب تک 700 سے زائد مظاہرے ہوچکے ہیں. دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ رواں برس فروری میں سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بعد سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے تمام شعبوں میں تعلقات تیزی سے فروغ پارہے ہیں.
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں فریقین پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مختلف پہلوﺅں پر بھی بات چیت کریں گے. خیال رہے کہ روایتی طور پر پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خاصے گرمجوش اور باہمی دلچسپی پر مبنی ہیں‘وزیراعظم کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کو نئی جہت بخشے گا اور اس سے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا.دفتر خارجہ کے مطابق 19 اور 20 ستمبر کو سعودی عرب کا دورہ کرنے کے بعد وزیراعظم نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں شرکت کریں گے. یاد رہے کہ گزشتہ سال عمران خان، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد 18 ستمبر کو پہلی مرتبہ 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے تھے.