پی آئی اے صرف ملازمین کی مشترکہ محنت سے ہی ترقی کر سکتی ہے، سردار مہتاب احمد خان

 
0
518

اسلام آ باد جولائی20(ٹی این ایس ): وزیر اعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو دوستانہ اوپن سکائی پالیسی کی وجہ سے بہت نقصان ہوا ہے اور اب کسی غیر ملکی ائر لائن کو بغیر کسی وجہ کے اضافی پروازیں چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے کی دو روزہ مارکیٹنگ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ا س دو روزہ مارکیٹنگ کانفرنس میں اندرون ملک و بیرون ملک سٹیشنز سے پی آئی اے کے مارکیٹنگ کے سربراہان نے شرکت کی جنہوں نے اپنے اپنے سٹیشن کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلات سے کانفرنس کے شرکاء کو آگاہ کیا۔ سردار مہتاب احمد خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے صرف ملازمین کی مشترکہ محنت سے ہی ترقی کر سکتی ہے اور ملازمین کو اس میں بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ یہ ان کی اپنی ائر لائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ائر لائن میں میرٹ سسٹم کو ترجیح دی جا رہی ہے اور سفارشی کلچر کو ختم کیا جا رہا ہے۔ پی آئی اے کو مارکیٹ میں موجود ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینا ہو گی اگرچہ مقابلہ بڑا سخت ہے ۔ انہوں نے پی آئی اے انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر نیئر حیات اور قائم مقام چیف کمرشل آفیسر طاہر نیاز نے ائر لائن کی کارکردگی بہتر بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ائر لائن درست سمت کی جانب گامزن ہے اور بہت جلد نئی بلندیوں تک پہنچ جائے گی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نیئر حیات نے اپنے خطاب میں ایئر لائن کے لئے نئے بزنس ماڈل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ٹیکنالوجی میں بہتری سے ہی مسافروں کو بہتر اور تیز ترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ائر لائن مشکل حالات سے ترقی کی جانب جا رہی ہے اور آج کے یہ مشکل حالات بہت جلد ختم ہونے والے ہیں۔ طاہر نیاز نے مارکیٹنگ کانفرنس کے شرکاء کو مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کی کار کردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ نئے مقرر ہونے والے چیف آپریٹنگ آفیسر ضیاء قادر قریشی اور چیف کمرشل آفیسر بلال منیر شیخ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ بعد میں مارکیٹنگ مینیجرز نے اپنی کار کردگی کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی۔