اسلام آباد ستمبر 30 (ٹی این ایس): نیواسلام آباد ایئرپورٹ بھی جیب کتروں سے محفوظ نہ رہ سکا، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے پروٹوکول آفیسرمقبول کی جیب کٹ گئی، جیب سے 40 ہزار300 روپے اور ضروری کاغذات نکالے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی لاپرواہی کے باعث نیواسلام آباد ایئرپورٹ بھی جیب کتروں سے محفوظ نہ رہ سکا۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے پروٹوکول آفیسرمقبول کی جیب کٹ گئی۔
مقبول پروٹوکول کے لیے پاس ہی کھڑا تھا کہ کسی نے جیب سے ساری رقم نکال لی۔ جیب سے40 ہزار300 روپے اور ضروری کاغذات نکالے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ون فائیو پراطلاع دی توایئرپورٹ چوکی سے کال آئی کہ آکردرخواست دیں۔ جس ہر پروٹوکول آفیسرمقبول نے ایئرپورٹ چوکی میں درخواست جمع کروا دی ہے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کیلئے امریکا گئے تھے۔ عمران خان نے جنرل اسمبلی میں جارحانہ خطاب کیا اور کشمیریوں کو مقدمہ دنیا بھر کے سامنے پیش کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا آج اسلام آباد ایئرپورٹ کارکنان نے زبردست استقبال کیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے بازی کی۔ اس دوران ائرپورٹ کی فضائیں ’’کون بچائے گا پاکستان، عمران خان عمران خان‘‘، ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پوری قوم نے یکجا ہوکر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ آزادی مارچ کو کشمیر کےعوام کی آزادی سے جوڑا جائے۔ عمران خان پسے ہوئے کشمیری مسلمانوں کی آواز بنے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ناموس رسالتﷺ کے نام پرسیاسی دکان چمکانے کی کوشش کی۔
لیکن وزیراعظم نے قوم کی ترجمانی کا حق ادا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مخالفین کا چورن کسی دکان پربکنے والا نہیں۔ مخالفین کو چاہیے وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ اور ماتھا چومے، جس طرح وزیراعظم نے دنیا کے سامنے کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔ انہوں نے مخالفین کو چاہیے کچھ وقت کیلئے کشمیر کے ایشو پر اپنی سیاسی دکانداری چھوڑ کر ہمارے ساتھ کھڑے ہوجائیں۔