وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان اور قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز نے لہتراڑ روڈ پر تعمیر کئے جانے والے برما پُل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

 
0
324

اسلام آباد اکتوبر 03 (ٹی این ایس): وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان اور قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز نے لہتراڑ روڈ پر تعمیر کئے جانے والے برما پُل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے افسران کے علاوہ مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان اور قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز نے کہا کہ برما پل کی تعمیر مقامی لوگوں کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جسے پورا کرنے کے لیے سی ڈی اے نے اس پر فوری کام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ پل پر ہونے والا تعمیراتی کام اطمینان بخش ہے اور یہ منصوبہ نہ صرف بروقت مکمل کیا جائے گا بلکہ اسکی تعمیر میں معیار کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پل کی تعمیر سے جہاں مقامی آبادی کو سہولت حاصل ہو گی وہاں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 24ستمبر 2019 ؁ء کو شروع کیا گیا اور اسے اگلے سال مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہیں بتایا گیا کہ برما پل کی لمبائی 152 میٹر جبکہ اس کی چوڑائی ساڑھے گیارہ میٹر ہے جبکہ اس پل کے تعمیراتی کام سے پہلے پرانے اور بوسیدہ پل کو منہدم کیا گیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ منصوبے کو بروقت مکمل کرنے اور اسکے معیار کو یقینی بنانے کے لیے موئثر مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔