لاہورجولائی20(ٹی این ایس ): پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کھیلوں کا تاریخی ادارہ ہے جس میں باقاعدگی سے بڑے پیمانے پرکھیل منعقعدہوتے رہتے ہیں، پاکستان ریلوے کے کھلاڑیوں، کوچز اور آرگنائزر نے اپنی بہترین صلاحیتوں سے ریلوے اور پاکستان کا بین الاقوامی طور پر نام روشن کیا ہے ۔یہ بات سپورٹس آفیسر ریلوے سپورٹس بورڈ راشد محمود بٹ نے کہی۔ انہوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ ریلوے میں مختلف نوعیت کے کھیل منعقد کرواکر قومی خدمت اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے مگر ایک مقامی اخبار نے ریلوے سپورٹس بورڈ کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت خبریں چھاپیں جس میں کوئی صداقت نہیں۔ پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ تقریباً سال بھر میں دو درجن انٹریونٹ ٹورنامنٹ منعقد کرواتا ہے جس میں ملک بھر سے ریلوے کے کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں ریلوے اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے لئے بہترین سہولتیں مہیا کی جاتی ہیں۔ اس گراؤنڈ میں پاکستان کرکٹ بورڈ پیٹرن ٹرافی گریڈ II- کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچز منعقد کرواتا ہے اس کے علاوہ متعدد فیڈریشنز اپنے نیشنل ایونٹ ریلوے اسٹیڈیم میں منعقد کروانے کو ترجیح دیتی ہیں۔
آج کل کیونکہ برسات کا سیزن ہے اس لئے تمام سپورٹس کے مقابلے نہیں ہورہے۔ برسات کے دوران یہ عمل پورے ملک میں ہوتا رہتا ہے۔ جس کی بنیاد پر ریلوے ہاسٹل بند ہے۔ جیسے ہی مقابلے شروع ہونگے ان ہاسٹل میں کھلاڑی رہائش پذیر ہونگے اور ان کوبہترسہولیات فراہم کی جائیں گی جو کہ کھیلوں کے دوران پہلے بھی کی جاتی رہیں ہیں۔ ریلوے باسکٹ بال کورٹ نہایت ہی معیاری اور اچھی حالت میں ہے اور اس پر باقاعدگی سے پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن مختلف ایونٹ منعقد کرواتی رہتی ہے۔ جس میں مرد وخواتین کے مقابلے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس پر ریلوے انٹر ڈویژنل ٹورنامنٹ بھی منعقد ہوتا رہتا ہے اور یہاں پر ہمارے کھلاڑی باقاعدگی سے ٹریننگ کرتے ہیں۔ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ہمیں کھیل روکنے پڑتے ہیں اور مون سون کے بعد دوبارہ کھیلوں کا آغاز ہوتا ہے۔ پاکستان ریلوے نے سال 2015-16کے نیشنل ایونٹس میں 27 مرد اور خواتین کھیلو ں میں حصہ لے کر 18 گولڈ 33 سلور اور 37 برانز میڈل حاصل کئے ہیں۔ جن کی کل تعداد 88 بنتی ہے۔سال 2016-17 میں 17 کھیلوں میں حصہ لے کر 64 میڈل حاصل کئے جس میں 10 گولڈ 21 سلور اور 33 برانز میڈل شامل ہیں۔ پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ نے کھیلوں کے ساتھ ساتھ ریلوے سپورٹس ہالز کی تعمیر اور مرمت کے کچھ پراجیکٹ اعلیٰ حکام کی منظوری کیلئے پیش کئے ہوئے ہیں اور جلد ہی ان کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گا۔