جتنے بھی ظلم کر لیں، میں اور میرا خاندان سُرخرو ہو گا ۔ نواز شریف

 
0
340

لاہور اکتوبر 12 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم نواز شریف کو گذشتہ روز نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں بھی گرفتار کر لیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو نیب لہاور منتقل کر دیا گیا جہاں ڈے کئیر سینٹر کو سب جیل کا درجہ دے دیا گیا تھا۔ نواز شریف نے پہلی رات نیب کے ڈے کئیر سینٹر میں گزاری۔
نواز شریف نے رات کو گھر سے آئے دال چاول کھائے، وہ رات دیر تک جاگتے رہے، دیر تک جاگنے پر سابق وزیراعظم کی سکیورٹی پر تعینات افسر نے ان سے خیریت دریافت کی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیشہ قوم کی خدمت نیک نیتی سے کی ہے اللہ تعالٰی اپنا کرم کرے گا، آپ لوگ میرے اور میرے خاندان پر جتنے بھی ظلم کر لیں میں اور میرا خاندان سرخرو ہو گا۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے گذشتہ روز احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کی تو اس موقع پر عوام کو ایک مرتبہ پھر سے وہی نواز شریف نظر آیا جو نڈر تھا اور جو کسی کے رعب میں نہیں آتا تھا۔
نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں اپنا وہی جارحانہ انداز اپنایا جس نے ایک مرتبہ پھر سے نواز شریف کی ڈیل کی کوششوں سے متعلق گردش کرنے والی تمام افواہوں کو جُھٹلا دیا۔ نواز شریف نے برملا کہا کہ یہ کالا قانون صرف اور صرف مسلم لیگ ن کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے اپنے اُسی جارحانہ انداز میں کہا کہ مجھے کالا پانی،گوانتا موبے لے جانا چاہتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے۔
یہ سمجھتے ہیں کہ اس سے ن لیگ گھبرا جائے گی تو ان کی بھول ہے۔ نواز شریف نے مؤقف اختیار کیا کہ میں کبھی نہیں جُھکوں گا۔ مجھ پر جو الزامات عائد کیے گئے ہیں وہ بالکل بے بنیاد ہیں۔ نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ”میاں صاحب آئی لو یو” کے نعرے بھی لگائے گئے اور اس وقت کے مناظر دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نیب کی گرفتاری نے نواز شریف کو ایک مرتبہ پھر سے زندہ کر دیا ہے۔