خیبرپختونخواہ حکومت کا ملکی تاریخ کی سب سے بڑی صوبائی موٹروے بنانے کا اعلان

 
0
424

پشاور اکتوبر 15 (ٹی این ایس): خیبرپختونخواہ حکومت کا ملکی تاریخ کی سب سے بڑی صوبائی موٹروے بنانے کا اعلان ، 320 کلومیٹر طویل موٹروے صوبائی دارالحکومت پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک تعمیر کی جائے گی، منصوبے کے باعث پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے کی کوشش کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبے میں اپنے طور پر موٹرویز کا جال بچھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں سے موٹروے گزار کر ان علاقوں کو ترقی دینے کی کوشش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبائی دارالحکومت پشاور سے لے کر ڈی آئی خان تک موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 320 کلومیٹر طویل موٹروے ممکنہ طور پر سی پیک کا حصہ ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت الگ سے ایک نئی شاہراہ تعمیر کرنے کی بجائے پہلے سے موجود پشاور تا ڈی آئی خان روڈ کو اپ گریڈ کر کے موٹروے میں تبدیل کیا جائے گا۔
پشاور تا ڈی آئی خان روڈ کو موٹروے میں تبدیل کرنے سے صوبے کے پسماندہ علاقوں میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ اس منصوبے کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا صوبائی موٹروے منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل صرف وفاقی حکومت کی جانب سے موٹروے منصوبے شروع کیے جاتے تھے۔ جبکہ تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ نے پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر موٹروے منصوبے بنانے کا آغاز کیا تھا۔ گزشتہ دور حکومت میں تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت نے سوات موٹروے کے منصوبے کا آغاز کیا تھا جس کا بیشتر حصہ آپریشنل کیا جا چکا ہے۔ جبکہ منصوبہ اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ اس منصوبے کے باعث خیبرپختونخواہ حکومت سیاحت کے شعبہ کو مزید فروغ دینے میں کامیاب رہی ہے۔