سی ڈی اے نے مختلف شعبوں میں تین سال عرصہ سے زائد تعینات سکیل 1 سے 16 نان گزٹڈ ملازمین کو تبدیل کر دیا

 
0
284

اسلام آباد اکتوبر 24 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے مختلف شعبوں میں تین سال عرصہ سے زائد تعینات سکیل 1 سے 16 نان گزٹڈ ملازمین کو تبدیل کر دیا ہے۔ تقرریاں اور تبادلے سی ڈی اے کے تمام شعبوں میں بلا تفریق کیے گئے ہیں۔
بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے کرنے کا مقصد ادارے میں شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنا کر سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔ ماضی میں کیے جانے والے تبادلوں اور تقرریوں میں یہ بات مشاہدے میں آئی تھی کہ یہ ملازمین ایک ہی شعبے میں بار بار محض سیکشن اور ڈیسک کو تبدیل کر کے ٹرانسفر کیے جاتے رہے۔اس لیے جمعرات کے روز کیے جانے والی تقرریوں اور تبادلوں سے قبل ایک ماہ تک مکمل ہوم ورک کرنے کے بعد ایک جامع فہرست ترتیب دی گئی جس میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ ایک ہی شعبہ،سیکشن اورایک ہی سیٹ پر عرصہ دراز سے تعینات ملازمین کو تبدیل کیا جا سکے۔ٹرانسفر کیے گئے ملازمین میں کئی ایسے ملازمین بھی شامل ہیں جو ایک ہی شعبہ میں ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصہ سے تعینا ت ہیں۔ تقرریاں و تبادلے سی ڈی اے کے لینڈ و بحالیات ڈائریکٹوریٹ، اسٹیٹ مینجمنٹ ون اور ٹو، ون ونڈو، پلاننگ ونگ، کیپٹل ہسپتال، پبلک ریلیشنز ڈائریکٹوریٹ، فنانس ونگ، انجینئرنگ ونگ اور دیگر شعبوں میں کیے گئے ہیں۔
ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ باقاعدہ ریکارڈ کی ہینڈنگ اینڈ ٹیکنگ اوور کی جائے۔ان احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے یا ریکارڈ کے گم ہونے کی صورت میں قوانین کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ڈی اے کے مختلف شعبوں میں مختلف سطح پرمزید تقرریاں و تبادلے آئندہ چند روز میں کیے جائیں گے۔