شیخوپورہ میں نواسی کے ساتھ بد فعلی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم گذشتہ چار ماہ سے اپنی تیرہ سالہ نواسی کو ہوس کا نشانہ بنا رہا تھا

 
0
201

شیخوپورہ اکتوبر 28 (ٹی این ایس): شیخوپورہ کے ضلع شرقپور میں نواسی کے ساتھ بد فعلی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم اپنی 13 سالہ نواسی کو گذشتہ چار ماہ سے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا رہا۔ شرقپور پنجاب کا علاقہ ہے جو لاہور سے قریباً چالیس کلو میٹر کی دوری پر ہے۔ اس واقعہ کی موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق ملزم کے خلاف درخواست متاثرہ بچی کے بھائی نے درج کروائی۔
جس میں بتایا گیا کہ ملزم نے مبینہ طور پر گذشتہ چار ماہ کے دوران کئی مرتبہ 13 سالہ لڑکی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ بچی کے بھائی نے بتایا کہ مجھے اس حوالے سے اپنی والدہ سے علم ہوا جو ملزم کی بیٹی بھی ہیں۔ متاثرہ بچی کے بھائی نے کہا کہ ملزم نے نانا اور نواسی کے رشتے کو ہی غلیظ کر دیا ہے۔ درخواستگزار کا کہنا تھا کہ میری متاثرہ بہن کو فوری طور پر انصاف ملنا چاہئیے اور ملزم کو سزا دے کر اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہئیے تاکہ ایک مثال قائم کی جا سکے۔
متاثرہ لڑکی ایک نوکری پیشہ خاندان سے تعلق رکھتی ہے جس کے چھ بہن بھائی ہیں۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ نانا کے ہاتھوں نواسی کی آبرو اس طرح پامال ہونے پر اہل علاقہ نے بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ معاشرے میں رونما ہونے والے اس قسم کے واقعات سے اندازہ ہوتا ہے کہ بچیوں کی عزت گھر کی چار دیواری میں بھی محفوظ نہیں ہے۔ کبھی ماموں ، کبھی کزن تو کبھی چچا ، تایا اپنے ہی گھر کی بچیوں پر بُری نظر ڈالتے ہیں ۔
ایک نانا نواسی اور دادا پوتی کا رشتہ ہی رہ گیا تھا لیکن اس واقعہ کے بعد اس رشتے سے بھی بھروسہ اُٹھ گیا ہے۔ عوام نے اس واقعہ پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے والدین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی بچیوں کو گھر کے باہر کے درندوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ گھر میں موجود درندوں سے بھی محفوظ بنائیں۔