روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 145 روپے پر آ جائے گا، فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے صدر ملک بوستان نے خوشخبری سنا دی

 
0
218

کراچی اکتوبر 28 (ٹی این ایس): فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ روپیہ بہت جلد ڈالر کے مقابلے میں 145 روپے تک آجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں پیسے کی قدر میں بتدریج بہتری کے تحت گذشتہ چار ماہ کے دوران پیسے کی قدر میں 4.16 روپے کا اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال کے آغاز پر روپے کی مسلسل گرتی ہوئی قیمت نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے لیکن اب پیسے کی قدر میں بتدریج بہتری آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
اور اُمید کی جا رہی ہے کہ رواں مالی سال کے آئندہ آٹھ ماہ میں روپے کی قدر مزید بہتر ہو جائے گی۔ اس حوالے سے فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان نے کہا کہ جون 2020ء تک ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 145 روپے تک آجائے گا۔ واضح رہے کہ آج کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں دو پیسے اضافہ ہوا ۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 155.88 سے بڑھ کر 155.90 روپے کا ہوگیا۔
2019ء میں ڈالر کی قیمت میں روپے کے مقابلے میں پیش رفت جاری رہی۔ جنوری میں ڈالر 138 روپے93 پیسے، فروری میں 138 روپے 90 پیسے اور مارچ میں 139 روپے10 پیسے پر ٹریڈ کررہا تھا۔ اپریل 2019ء میں ڈالر چھلانگ لگا کر 141 روپے 50 پیسے پر آگیا۔ مئی میں 151 روپے اور جون میں تاریخ کی بلند ترین سطح 164روپے پر پہنچ گیا۔ جولائی 2019ء میں ڈالر کی اڑان رک گئی اور ڈالر کمی کے بعد انٹربینک میں 160 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 161 روپے کا ہوگیا۔ اگست 2019ء میں روپے نے ڈالر کا جم کر مقابلہ کیا اور ڈالر 157.20 روپے تک پہنچ گیا۔ ستمبر 2019ء کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں مزید کمی واقع ہوئی اور یہ 156.40 روپے پر پہنچ گیا۔