ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگیا ایک ہفتے کے دوران ذخائر میں 7 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ، مجموعی ذخائر 15 ارب 18 کروڑ ڈالرز کی سطح تک پہنچ گئے، کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بھی مزید کمی ہوگئی

 
0
1636

کراچی اکتوبر 24 (ٹی این ایس): ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگیا، ایک ہفتے کے دوران ذخائر میں 7 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ، مجموعی ذخائر 15 ارب 18 کروڑ ڈالرز کی سطح تک پہنچ گئے، کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بھی مزید کمی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں7کروڑ39لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا۔مرکزی بینک کے مطابق18اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے پر ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 15ارب18کروڑ65لاکھ ڈالرز کی سطح پر رہے ،اس دوران مرکزی بینک کے ذخائر7کروڑ90لاکھ ڈالرز اضافے سے 7ارب89کروڑ27لاکھ ڈالرز جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر3کروڑ51لاکھ ڈالرز کمی سے 7ارب29کروڑ38لاکھ ڈالرز کی سطح پر ریکارڈ کئے گئے ۔
دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں4پیسے کی کمی جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خریدمیں30پیسے اورقیمت فروخت میں10پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جمعرات کوانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں4پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید155.95روپے سے گھٹ کر155.91روپے اورقیمت فروخت156.05روپے سے گھٹ کر156.01روپے ہوگئی۔
اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خریدمیں30پیسے اورقیمت فروخت میں10پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید155.50روپے سے بڑھ کر155.80روپے اورقیمت فروخت156.00روپے سے بڑھ کر156.10روپے ہوگئی۔یوروکی قیمت میں10پیسے اور برطانوی پائونڈ کی قیمت میں20پیسے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے نتیجے میں باالترتیب یوروکی قیمت خرید172.70روپے سے بڑھ کر172.80روپے اورقیمت فروخت174.70روپے سے بڑھ کر174.80روپے جبکہ برطانوی پائونڈکی قیمت خرید199.80روپے سے بڑھ کر200.00روپے اورقیمت فروخت201.80روپے سے بڑھ کر202.00روپے ہوگئی۔
فاریکس رپورٹ کے مطابق سعودی ریال اوریواے ای درہم کی قیمتوں میں باالترتیب استحکام رہا،جس کے نتیجے میں باالترتیب سعودی ریال کی قیمت خرید41.40روپے اورقیمت فروخت41.70روپے جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید42.40روپے اورقیمت فروخت42.70روپے پرمستحکم رہی۔جمعرات کوچینی یوآن کی قیمت میں20پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں چینی یوآن کی قیمت خرید22.20روپے سے گھٹ کر22.00روپے اور قیمت فروخت23.20روپے سے گھٹ کر23.00روپے ہوگئی۔