آپٹیکل فائبر کیبلز میں خرابی کے باعث آدھے پاکستان میں انٹرنیٹ بند

 
0
333

اسلام آباد اکتوبر 29 (ٹی این ایس): آپٹیکل فائبر میں خرابی کے باعث آدھے پاکستان میں انٹرنیٹ بند، پاکستان کو باقی دنیا سے بذریعہ انٹرنیٹ جوڑنے والی 2 آپٹیکل فائبر آف لائن ہوگئیں، تکنیکی مسئلے کو حل کرنے کیلئے کوششیں جاری۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو انٹرنیٹ سروس کے استعمال میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو بذریعہ انٹرنیٹ دنیا سے جوڑنے والی 2 آپٹیکل فائبر کیبلز مکمل طور پر آف لائن ہوگئی ہیں۔
فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کس وجہ سے آپٹیکل فائبر کیبل آف لائن ہوئی ہیں۔ پاکستان میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی 2 بین الاقوامی زیرآب کیبلز میں خرابی کے نتیجے میں آدھے سے زیادہ پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔ آئی ایم ای ڈبلیو ای اور ایس ای اے ایم ای ڈبلیو ای 4 انٹرنیٹ کیبل خرابی کے باعث آف لائن ہوئی ہیں جو لگ بھگ 50 فیصد پاکستانی انٹرنیٹ ٹریفک کا بوجھ اٹھائے ہوئے تھیں۔
ماہرین کی جانب سے آپٹیکل فائبر کیبل کے تکنیکی مسئلے کو جاننے اور اسے حل کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تاہم فی الحال یہ معلوم نہیں کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی میں مزید کتنا وقت لگے گا۔ دوسری جانب انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں نے انٹرنیٹ سروس میں مسائل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انٹرنیٹ لوڈ کو دیگر زیرآب سسٹمز پر منتقل کررہے ہیں، جس سے کسی حد تک بہتری آئے گی مگر سروس مکمل طور پر بحال اسی وقت ہوگی جب خراب کیبلز کی مرمت ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو بیرونی دنیا سے انٹرنیٹ کے ذریعے جوڑنے والی آپٹیکل فائبر کیبلز کی تعداد کل 6 ہے۔ ان کیبلز میں آئی ایم ای ڈبلیو ای اور ایس ای اے ایم ای ڈبلیو ای 4 کے علاوہ ٹی ڈبلیو 1، ایس ای ایم ای ڈبلیو ای 3 ، ایس ای ایم ای ڈبلیو ای 5 اور اے اے ای 1 شامل ہیں۔ ان 6 میں سے 2 کیبلز آئی ایم ای ڈبلیو ای اور ایس ای اے ایم ای ڈبلیو ای 4 آدھے سے زیادہ پاکستان کو انٹرنیٹ فراہم کرنے کا بوجھ برداشت کرتی ہیں اور اس وقت ان ہی کیبلز میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی ہے ۔