فردوس عاشق اعوان کا وزراء کے رویے پر وزیراعظم سے شدید شکوہ

 
0
290

اسلام آباد اکتوبر 29 (ٹی این ایس): وفاقی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وزراء کے رویے پر وزیراعظم سے شکوہ کیا ہے کہ پیمرا فیصلے پر وزراء نے مجھ پر ایسے تنقید کی جیسے میں اپوزیشن میں ہوں، لگتا ہے میرے ساتھی وزراء میرے خلاف سازش کررہے ہیں، وزراء کے رویے سے تاثر جا رہا ہے کہ حکومت ایک پیج پر نہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سیاسی صورتحال، آزادی مارچ اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کی بیماری پر بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی کہ مارچ کے شرکاء کی معاہدے پرعملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ جبکہ آزادی مارچ کو مانیٹرنگ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پرمانیٹرکررہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی آزادی مارچ سے متعلق بااختیار ہے۔
آزادی مارچ سے متعلق معاہدہ کرنا اچھا فیصلہ ہے۔ معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو سخت ایکشن ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی علاج معالجے پر کہا کہ نواز شریف کو علاج کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ نوازشریف کی صحت سے متعلق کوئی بیان نہ دیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کسی ڈیل کا حصہ نہیں۔
کرپشن کیسز پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ اسی طرح اجلاس میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وزراء کے رویے پر وزیراعظم سے شکوہ کیا کہ پیمرا فیصلے پرحکومتی ارکان نے ایسے تنقید کی جیسے وہ اپوزیشن میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ساتھی وزیرمجھ پر ایسے تنقید کرتے ہیں جیسے وہ اپوزیشن میں ہوں۔ ایسے لگتاہے میرے ساتھی وزرامیرے خلاف سازش کررہے ہیں۔ تاثر یہ جاتا ہے حکومت ایک پیج پر نہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ جب فیصلے کرکے منٹوں میں واپس لیے جائیں توحکومت کی سبکی ہوتی ہے۔ شیریں مزاری نے کہا کہ جمہوری حکومت میں کسی کی آواز نہیں دبائی جاتی۔