پولیس کو مطلوب ”مرشد“ گینگ کا اہم رکن گرفتار، ملزم سے بھاری اسلحہ بر آمد

 
0
515

راولپنڈی نومبر 03 (ٹی این ایس): تفصیلات کے مطابق ”آپریشن اگینسٹ ٹیررز“ کے دوران پنڈی پولیس کو اہم کامیابی ملی ہے،ایس پی صدر رائے مظہر اقبال نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ”مرشد گینگ“ علاقہ میں قانون شکنیوں کے حوالے سے ایک بدنام پوزیشن حاصل کر چکا تھا،اس گینگ کے ارکان بدترین معاشرتی بداخلاقی پر مبنی سرگرمیوں میں ملوث تھے تعلیمی اداروں کے باہر بچے بچیوں سے چھیڑ چھاڑکرنے اور پھر بداخلاقی پر مبنی وڈیوز اور تصاویر بنا کر اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر کے اپنا معاشرے پر اپنا سکہ بٹھانے کی ناکام کوشش کرنا اس گینگ کا وطیرہ تھا،

پولیس تھانہ جاتلی کے ایس ایچ او ریاض باجوہ نے ”مرشد گینگ“ کے اہم رکن کاشف کو گرفتار کر کے اس سے بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ بر آمد کرلیا،ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا کہنا ہے کہ گینگ کا نام ”مرشد“ اس لئے رکھا گیا کہ گینگ کا سرغنہ خود کو ”مرشد“ کہتا تھا اور اس نے سوشل میڈیا پر گینگ کی قانون شکنیوں پر مبنی جو پوسٹیں اپ لوڈ کیں اس میں تقاضا کیا جاتا کہ کمنٹس بھی مرشد کے عنوان سے ہی کئے جائیں سی پی او نے ”آپریشن اگینسٹ ٹیرر“ میں پولیس کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان ”ٹیرر گروپس“ نے قانون کی حکمرانی کو چیلنج کر رکھا تھا جس کو قانون کی طاقت سے روکنا ضروری،ناگزیر اور فرض ہو چکا تھا،سی پی او نے کہا کہ پنڈی پولیس نے ان ”ٹیرر گروپوں“ کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے،پنڈی پولیس نے اس طرح کا روڈ میپ بنایا ہے کہ ان قانون شکن ”ٹیرر گروپوں“ کا یک ایک رکن اور ایک سہولت کار گرفتار ہو گا،ان قانون شکنوں کو قانون کے مطابق عدالتوں سے ایسی سزا دلوائی جائے گی جو معاشرے میں باعث عبرت ہو گی اور مستقبل میں کوئی اس طرح کی قانون شکنیوں میں ملوث ہونے کا سوچ بھی نہیں سکے گا،سی پی او نے کہا کہ ہمیں قانون شکنوں کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ قانون شکنی کی سوچ کو بھی ختم کرنا ہے