سی ڈی اے ہسپتال میں تعمیرکیے جانے والے نئے بلاک میں کارڈیک سینٹر آف ایکسی لینس(Cardiac Centre of Excellence)بنایا جائے گا

 
0
418

اسلام آباد: 4 نومبر (ٹی این ایس): سی ڈی اے ہسپتال میں تعمیرکیے جانے والے نئے بلاک میں کارڈیک سینٹر آف ایکسی لینس(Cardiac Centre of Excellence)بنایا جائے گا۔ اس کارڈیک سینٹر میں کیتھ لیب (Cathe Lab) اور دیگر سہولیات کے علاوہ کارڈیو انجیو گرام اور دل کے امراض سے متعلقہ سہولیات کے علاوہ کارنری نگہداشت یونٹ(Coronary Care Unit) کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اضافی بلاک کی تعمیر سے کیپٹل ہسپتال میں مزید 100 بیڈز کا اضافہ ہو گا۔ اس اضافی بلاک کی تعمیر پر 168ملین ڈالر لاگت آئے گی جس میں پانچ منزلہ عمارت کی تعمیر بشمول ایئر کنڈیشننگ سسٹم، الیکٹرک ورک اور جنریٹرز اور دیگر تنصیبات شامل ہیں۔ نئی بلڈنگ میں کارڈیک ایکسی لینس سینٹر کے علاوہ انتہائی نگہداشت یونٹ(ICUs) اور کارنری نگہداشت یونٹ(Coronary Care Unit) بھی بنائے جائیں گے۔ اس منصوبے کو 12 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔اس منصوبے میں سٹاف کی فراہمی کے لیے این او سی (NOC)کا اجراء آئندہ ہفتہ تک متوقع ہے۔ جس کے بعد سی ڈی اے میں پہلی مرتبہ ریکورٹمنٹ ایجنسی کے ذریعے میرٹ کو یقینی بناتے ہوئے بھرتیاں کی جائیں گی۔
کیپٹل ہسپتال کے اضافی بلاک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں پرانی عمارت کو منہدم کرنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ کھدائی کا کام جاری ہے جس کے بعد لین کنکریٹ اور بنیادوں کی تعمیر پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔ سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق تعمیراتی کام او پی ڈی (OPD) اوقات کے بعد کیا جا رہا ہے تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔