اسلام آباد نومبر 11 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں این آر او دے کر معاشرے کا بیڑہ غرق کردیا گیا، رحم کرکے این آراو دیے جاتے رہے، رحم ڈاکوؤں کیلئے نہیں ،غریبوں اور کمزوروں کے لیے کیاہ وتا ہے، سیاست ، بیوروکریسی اور میڈیا میں مافیا بیٹھا ہواہے، ان کو شکست دینا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سامنے کرپشن سے مال بنانے والا مافیاز بیٹھا ہوا ہے۔
مافیاز سیاست ، بیوروکریسی اور میڈیا میں بیٹھے ہوئے ہیں، ہمارا کام جدوجہد کرکے ان کو شکست دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ رحم کرکے این آراو دیے جاتے رہے اور معاشرے کا بیڑہ غرق کردیا گیا، رحم غریبوں کے لیے کیا جاتا ہے، ڈاکوؤں کیلئے رحم نہیں کیا جاتا۔مزیدبرآں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تعمیراتی سیکٹر کی بحالی سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بینکوں کی طرف سے قرضوں کی بحالی اور سیکٹرکو درپیش مسائل سے متعلق غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے مختلف مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ۔چیئرمین نیا پاکستان اتھارٹی انورعلی حیدر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر ، گورنر اسٹیٹ بینک اور وزیر خزانہ بھی کمیٹی میں موجود ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تعمیراتی سیکٹرز کی بحالی اور فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔تعمیراتی شعبے سے صنعتوں کو ترقی اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
تعمیرات کے شعبے سے 40فیکٹریاں ایک ساتھ چل جائیں گی۔تعمیرراتی شعبے سے 50لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ معاشی عمل کو تیز کرنے کیلئے تعمیراتی شعبہ بے حد ضروری ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کا بیانیہ ہے نوازشریف کو باہر بھیجا جائے، لیکن مسلم لیگ ن کو پہلے معافی مانگنی چاہیے۔
ن لیگ ایسا ہسپتال نہیں بنا سکی جہاں نوازشریف کا علاج ممکن ہوسکے۔فواد چودھری نے کہا کہ تمام وفاقی وزراء نوازشریف کے باہر جانے کے حامی نہیں ہیں،متعدد وزراء کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو باہر نہیں بھیجنا چاہیے۔میری ذاتی رائے ہے کہ نوازشریف کو بیرون ملک بھیجنا زیادتی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی ابھی تک کابینہ کو سمری موصول نہیں ہوئی، کابینہ اجلاس میں ایسی کوئی سمری زیرغور بھی نہیں ہے۔