اسد عمر کی وفاقی کابینہ میں واپسی وزارت منصوبہ بندی کا قلم دان دیئے جانے کا اعلان

 
0
252

اسلام آباد نومبر 18 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں توسیع ردو بدل کا فیصلہ کیا گیا اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو دوبارہ وزارت دی جائے گی. سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل، اسد عمر کو منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات جبکہ خسرو بختیار کو پیٹرولیم کا وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے.
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا‘یاد رہے کہ اسد عمر نے رواں برس مالی سال 2019-20 کا بجٹ پیش کرنے سے پہلے ہی 18 اپریل کو وزارت خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا. اسد عمر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کابینہ میں ردوبدل کے نتیجے میں چاہتے ہیں کہ میں وزارت خزانہ کی جگہ توانائی کا قلم دان سنبھال لوں لیکن میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہیں لوں گا.
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ نے ایک ایسے موقع پر استعفیٰ دیا تھا جب حکومت عالمی مالیاتی فنڈ سے قرض کے حصول کے لیے مذاکرات کر رہی تھی اور مالی سال کا بجٹ بھی پیش کیا جانا تھا. اسد عمر نے اپنے بیانات میں واضح کیا تھا کہ وزیر اعظم کے کہنے کے باوجود وزارت لینے سے انکار کردیا ہے تاہم اب معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے انہیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات بنانے کا اعلان کیا ہے.
تحریک انصاف کی حکومت نے رواں برس جنوری میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں شروع کیے گئے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے متعدد منصوبے ملتوی کردیے تھے اور سرکاری ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت چلنے والے مزید منصوبوں پر کام روک دینے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا. خسرو بختیار کی موجودگی میں رواں برس اگست میں حکومت نے سی پیک کے تحت منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے سی پیک اتھارٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا اطلاعات میں ان کی وزارت کے دوران سی پیک کے تحت منصوبوں کی رفتار میں سست روی کی رپورٹس گردش کررہی تھی تاہم انہوں نے گزشتہ ماہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا.
مخدوم خسرو بختیار نے کہا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تمام منصوبے خصوصاً شعبہ توانائی کے منصوبے فعال ہیں اور سی پیک منصوبوں سے متعلق منفی موقف کی تردید کرتا ہوں.انہوں نے کہا کہ توانائی سمیت سی پیک کے تمام منصوبے بروقت مکمل ہوں گے‘خسرو بختیار اب معاون خصوصی کے بیان کے مطابق پیٹرولیم کی وزارت سنبھالیں گے جو اس سے قبل وزیرتوانائی عمر ایوب کے پاس تھی.