راولپنڈی نومبر 30 (ٹی این ایس): ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسان طفیل نے کمانڈنٹ پولیس کالج لاہور تبادلہ ہونے پر بطور آرپی اوراولپنڈی اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا۔ آر پی او راولپنڈی نے ریجنل پولیس دفتر میں تعینات تمام افسران و ملازمین سے ملاقات بھی کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسان طفیل نے بطور کمانڈنٹ پولیس کالج لاہور تبادلہ کے احکامات موصول ہونے پر بطور آر پی او راولپنڈی اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا۔ آر پی او راولپنڈی کے اعزاز میں ریجنل پولیس دفتر میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ریجنل انوسٹی گیشن برانچ سید علی اکبر، ایس پی لیگل راجہ عظمت،اے ڈی آئی جی طاہر عباس،ملک رفاقت انسپکٹر انچارج کمپلینٹ سیل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر صداقت رانجھا اور دیگر افسران و ملازمین نے تقریب میں شرکت کی۔ آر پی او راولپنڈی نے الوداعی تقریب کے شرکاء سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں ان کا عرصہ تعیناتی ایک خوشگوار وقت کے طور پریاد رہے گا، اس دوران حتی الوسع یہی کوشش رہی کہ عوام الناس کو ہر صورت میرٹ اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب اپنا کام محنت اور دلجمعی سے سرانجام دیں اور روزانہ قرآن پاک کی تلاوت کو اپنا معمول بنائیں۔ تقریب کے آخر میں آرپی او راولپنڈی نے باری باری تمام افسران و ملازمین سے معانقہ کیا اور رخصت ہوئے۔