لاہور دسمبر 16 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے صوبے میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچوں کو پولیوسے بچاؤکے قطرے پلا کرمہم کا آغاز کیا۔پنجاب میں آج سے شروع ہونے والی خصوصی مہم پانچ روز جاری رہے گی۔صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد،راجہ بشارت،پیر سید سعید الحسن شاہ،اراکین اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل اور چوہدری شہبازاحمدنے بھی بچوں کوپولیوسے بچاؤ کے قطرے پلائے۔
وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ تقریب میںچیف سیکرٹری، صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ، فوکل پرسن انسداد پولیو پروگرام اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں5 سال سے کم عمر تقریباً2کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیںگے اورخصوصی مہم میں 50ہزار سے زائد ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔
انہوںنے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کو خود فیلڈ میں نکل کرانسداد پولیو مہم کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور صوبائی وزراء کو بھی انسداد پولیو مہم کیلئے ڈویژن کی سطح پر ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ۔والدین سے اپیل ہے کہ وہ انسداد پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اوراپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائیں۔انہوںنے کہا کہ پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنائیں گے۔
پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نو نہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے جس میں جیت ہی واحد آپشن ہے۔اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ اس جنگ کو جیتنے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا بھر پور کردارادا کرنا ہوگا۔مشترکہ کاوشوں سے پولیو وائرس کا خاتمہ کریں گے۔پوری دنیا پولیو فری ہوگئی ہے، بدقسمتی سے پاکستان اور افغانستان میں یہ موذی مرض اب بھی موجود ہے۔ انہوںنے کہا کہ پولیو کے بعض کیس سامنے آنے پر بہت تشویش ہے۔ پولیو کو شکست دینے کیلئے نئے جذبے اورعزم کیساتھ کام کرنا ہوگا۔یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے سب کو ملکر کام کررہے ہیں۔