پرویز مشرف کی جانب سے خصوصی عدالت کا ٹرائل رکوانے کیلئے دائر متفرق درخواست پر سماعت کل تک ملتوی

 
0
292

لاہور دسمبر 16 (ٹی این ایس): لاہور ہائیکورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی جانب سے خصوصی عدالت کا ٹرائل رکوانے کے لیے دائر متفرق درخواست پر سماعت آج تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سماعت کی ۔ اس دوران فاضل عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ سے استفسار کیا کیا پرویز مشرف کی درخواستوں پر سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دینا مناسب ہوگا جس پر وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ عدالت تقریبا اس کیس کو سن چکی ہے، ایسے میں فل بین کی تشکیل کی بظاہر ضرورت نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے پرویز مشرف کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آج بروز ( منگل) کو مرکزی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہے، اس درخواست کو بھی اسی کے ساتھ سنیں گے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف غداری کے استغاثہ کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کی تشکیل غیر آئینی ہے، پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کے لئے وفاقی کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی، سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی صوابدید پر خصوصی عدالت قائم کی، خصوصی عدالت کے پراسیکیوٹر کی تعیناتی سمیت کوئی عمل قانون کے مطابق نہیں کیا گیا۔
استدعا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ خصوصی عدالت کی کارروائی کا ریکارڈ طلب کرنے ،خصوصی عدالت کی کارروائی اور تشکیل کو غیر آئینی قرار دے، کر کیس کا ٹرائل روکنے کا حکم دے ۔