انٹرپول کا پرویز مشرف کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ کے اجراء سے انکار

 
0
457

اسلام آباد دسمبر 20 (ٹی این ایس): خصوصی عدالت نے گذشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سابق صدر پرویز مشرف کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا تاہم انٹرپول نے سابق صدر پرویز مشرف کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لیے ریڈوارنٹ کے اجراء سے انکار کر رکھا ہے۔قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انٹرپول نے گذشتہ برس سابق صدر کے ریڈ وارنٹ کے اجراء سے متعلق حکومت پاکستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی نوعیت کے کیس انٹرپول کے آئین کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔
ذرائع کے مطابق خصوصی عدالت کے حکم پر وزارت داخلہ نے گذشتہ برس سابق صدر پروز مشرف کی بیرون ملک گرفتاری کے لیے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کی منظوری دی تھی۔گذشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون اعتزاز احسن نے کہا تھا کہ سابق صدر کو گرفتار کرنا ہی ناممکن ہے۔ سابق صدر ملک سے باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان کو پاکستان لانا ہی نا ممکن بات ہے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ یو اے ای کسٹڈی فراہم نہیں کرتی اور نہ ہی پاکستان کی رٹ یو اے ای میں چل سکتی ہے۔جب کہ دوسری جانب پرویز مشرف غداری کیس کے تفصیلی فیصلے کے بعد بھارتی سیاسی جماعت بی جے پی نے پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کو بھارتی شہریت کی پیشکش کردی۔ بی جے پی کے رہنما سبرا منین سوامی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کو پاکستان میں زیادتی کا سامنا ہے۔
سوامی نے کہا کہ پرویز مشرف کا تعلق دریا گنج سے ہے۔ بھارت کے نئے قانون کے مطابق اگر کوئی خود کو ہندوؤں کی نسل تسلیم کر لے تو بھارتی شہریت لے سکتا ہے۔ بی جے پی رہنما نے کہا میں پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کو شہریت دینے کی پیشکش کرتا ہوں۔ اگر پرویز مشرف چاہیں بھارتی شہریت لے سکتے ہیں.