نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت جاری

 
0
321

اسلام آباد ستمبر 10(ٹی این ایس) احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت جج محمد ارشد ملک کر رہے ہیں۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت لایا گیا۔نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث گواہ پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیا پر جرح کر رہے ہیں۔
گزشتہ سماعت پر واجد ضیا نے کہا تھا کہ ماڈرن انڈسٹری سے متعلق ایم ایل اے سعودی عرب نہیں بھیجا، جب سعودی عرب کو خط لکھا اس وقت کمپنی کا مکمل نام معلوم نہیں تھا۔جے آئی ٹی سربراہ نے بتایا کہ ایم ایل اے صرف ایچ ایم ای سے متعلق سعودی عرب کو لکھا گیا، اس وقت کمپنی کے مکمل نام سے متعلق دستاویز دستیاب نہیں تھیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ دستاویز کے مطابق کمپنی اسٹیل کے کاروبارسے متعلق ہے، ایم ایل اے لکھنے سے ایک دن قبل حسین نواز شامل تفتیش ہوئے۔خواجہ حارث نے کہا کہ تفتیش میں جے آئی ٹی کے علم میں آیا کہ ہل میٹل کا پورا نام کیا ہے اور جو دستاویزات دیے گئے اس میں کسی کا ایڈریس دیا گیا تھا؟ جس پر واجد ضیا نے کہا کہ دستاویزات میں آفس ایڈریس اور پی او باکس نمبر دیا ہوا تھا۔