پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان علمی معلوماتی و صحافتی تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے

 
0
325

اسلام آباد دسمبر 27 (ٹی این ایس): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے باہمی تعلقات اور تعاون کو بڑھا کر علمی معلوماتی و صحافتی تبادلہ جات کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ یو اے ای کے تعاون سے نیشنل لائبریری اسلام آباد میں قائم کئے گئے بک پویلین کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہی تھیں۔
یو اے ای کے وزیر رواداری شیخ نہیان بن مبارک النیہان کی نیشنل لائبریری اسلام آباد میں آمد پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے ان کا استقبال کیا۔ مہمان شخصیت کے ہمراہ یو اے ای کے تعاون سے نیشنل لائبریری اسلام آباد میں بک پویلین کا افتتاح کیا گیا۔
یہ پویلین متحدہ عرب امارات کی ایمبیسی کے تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی رواداری اور تعلقات کے فروغ کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ پویلین کیلئے متحد ہ عرب امارات کی جانب سے مختلف موضوعات پر عربی زبان پر تحریر کردہ ایک ہزار سے زائد کتب عطیہ کی گئی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے وزیررواداری شیخ نہیان بن مبارک نے کہا کہ یو اے ای پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا، پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات پر یو اے ای کو ہمیشہ فخر رہا ہے اور آئندہ آنے والوں وقتوں میں یہ دوستی مزید مضبوط ہو گی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم اور مطالعہ کے فروغ میں یو اے ای کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، متحدہ عرب امارات کا کئی دیگر شعبوں جن میں پولیو کے خاتمے ،کتب بینی کے فروغ اور سرمایہ کاری سمیت کئی شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے گہر ے اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دونوں ممالک میں دیگر شعبوں خصوصاً تعلیم ،ثقافت اور معیشت کے تعلقات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، یو اے ای کی طرف سے نیشنل لائبریری میں پویلین کے قیام اور ہزاروں کتابوں کے عطیہ سے پاکستان میں کتب بینی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کتابوں کے اس عطیہ پر یو اے ای کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ قومی ترقی میں علم کی ضرورت و اہمیت کے تناظر میں یو اے ای کا تعاون بڑی قابل ستائش بات ہے۔