اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں کے تعطل کے شکار سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کو فوری مکمل کرنے کی پالیسی کے تحت سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ متحرک، 110.119ملین روپے کی منظوری دے دی گئی

 
0
282

اسلام آباد دسمبر 29 (ٹی این ایس): اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں کے تعطل کے شکار سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کو فوری مکمل کرنے کی پالیسی کے تحت سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیون ون اور ٹو میں گیس کی فراہمی کے لیے 110.119ملین روپے کی منظوری دے دی ہے۔ اگلے چند دنوں میں سی ڈی اے رقم کی ادائیگی سوئی ناردن گیس لیمٹیڈ(SNGPL)کو کر دے گا جس کے بعد توقع ہے کہ SNGPLسیکٹر آئی الیون ون اور ٹو میں گیس کی سپلائی کے لیے نیٹ ورک پر کام شروع کر دے گا۔ سوئی گیس کی فراہمی کے لیے SNGPLنہ صرف پائپ لائن کی بچھائی کا کام بلکہ گھر گھر گیس کنکشن دینے کے کام کو بھی مکمل کرے گا۔ اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیون ون اور ٹو میں گیس کی فراہمی کا یہ کام اگلے تین ماہ میں مکمل ہونے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے۔ڈی ڈبلیو پی(CDA-DWP)کی 45 ویں میٹنگ جو رواں سال اکتوبر میں ہوئی تھی میں سیکٹر آئی الیون کی ڈیویلپمنٹ کے لیے 2618.251ملین روپے کے PC-I/IVکی منظوری دی گئی تھی۔پراجیکٹ پر اٹھنے والی لاگت کی منظوری کے بعد تمام متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ترقیاتی کاموں کے آغاز کے لیے ابتدائی قواعد و ضوابط فوری مکمل کریں تاکہ تمام شعبے ملکر بیک وقت کام شروع کر سکیں۔ اس ضمن میں سوئی گیس کے محکمے سے رابطہ کر کے سیکٹر میں گیس انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی گئی جس کے بعد سیکٹر کا تفصیلی سروے کر کے ڈیمانڈ ڈرافٹ کی باقاعدہ منظوری مجاز حکام سے حاصل کی گئی۔ یہ منظوری گذشتہ ہفتے دی گئی تھی۔ سوئی گیس کی فراہمی کے علاوہ گذشتہ ماہ نومبر میں بورڈ کے اجلاس میں سیکٹر آئی الیون میں 132-KV گریڈ سٹیشن کی تنصیب کے لیے 18.6کنال زمین کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔ یہ گرڈ اسٹیشن سیکٹر آئی الیون ٹو میں بنے گا اور اس سے سیکٹر آئی 11-اور آئی 12- کے رہائشیوں کی بھی ضروریات پوری کی جا سکیں گی جبکہ اس سیکٹر کے باقیماندہ حصوں میں انفراسٹرکچر کی ڈیویلپمنٹ کا کام بھی پائپ لائن میں ہے۔
سی ڈی اے ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر دی جانے والی خصوصی توجہ میں موئثر لاگت کو بھی یقینی بنا رہا ہے اور تعطل کا شکار باقی ماندہ سیکٹروں میں ترقیاتی کام مکمل کرنے کے لیے موئثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں پارک انکلیو میں SNGPL کی طرف سے گیس کی فراہمی کے لیے ڈیمانڈ نوٹس کی لاگت زیادہ ہونے پر رابطہ کر کے مزید کم کرنے کی درخواست کی گئی۔ جس کے تحت 17 کلو میٹرلمبی سوئی گیس کی مرکزی پائپ لائن کو کم کر کے گیس نیٹ ورک پر اٹھنے والی لاگت کو بھی خاطر خواہ حد تک کم کروایا گیا۔ اب SNGPLکو کم لاگت سے پارک انکلیو ہاؤسنگ منصوبے میں گیس کی فراہمی کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اسی طرح آئی 14- میں بھی گیس کی فراہمی کے لیے قواعد و ضوابط تکمیل کے آخری مرا حل میں ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ گذشتہ کئی سالوں سے تعطل کا شکار سرگرمیوں کو پورے عزم کے ساتھ شروع اور فوری طور پر مکمل کرنے کی مربوط اور جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس کے تحت نہ صرف ترقیاتی سرگرمیوں کو جلد از جلد شروع کر کے مکمل کی جا رہا ہے بلکہ شہریوں کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ مختلف تعطل کا شکار منصوبوں پر اب ترقیاتی کام جاری ہے، کچھ پر ترقیاتی کام شروع کرنے کے لیے قواعد و ضوابط تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ متعدد منصوبوں پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔